ٹرمپ کے 20نکاتی منصوبہ کومستردکرتے ہیں ،حاجی حنیف طیب

اسرائیل ناجائز ریاست ہے پاکستان اسے کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔نظام مصطفی پارٹی کے رہنماؤں کا مشترکہ بیان

جمعہ 3 اکتوبر 2025 18:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء) نظام مصطفی پارٹی کے چیئرمین اورسابق وفاقی وزیر ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب،پارٹی صدرمیاں خالدحبیب الٰہی ایڈووکیٹ ،جنرل سیکریٹری پروفیسر عبدالجبارقریشی ،چیف آرگنائزرانجینئرعبدالرشید ارشدنے مشترکہ بیان میں کہاکہ مسئلہ فلسطین کادوریاستی حل کسی طرح قابل قبو ل نہیں ہم اورپوری اُمت مسلمہ ٹرمپ کے 20نکاتی منصوبہ کومستردکرتی ہے۔

رہنماؤں نے کہاکہ بانی پاکستان قائد اعظم محمدعلی جناح امریکی صدرٹرومین کوخط میں واضح الفاظ میں لکھاتھاکہ اسرائیل ناجائز ریاست ہے پاکستان اسے کبھی تسلیم نہیں کرے گا کیونکہ فلسطین پرصرف فلسطینیوں کا حق ہے۔پاکستان اسرائیل کے ساتھ کوئی سفارتی تعلقات قائم نہیں کرناچاہتا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی طرف سے مسئلہ فلسطین کے دوریاستی حل اورٹرمپ کے منصوبہ کی ابتداء میں ہی حمایت کرناکسی طرح قابل قبول نہیں ہے 25کروڑ عوام اوروفاقی ،صوبائی پارلیمنٹ اورسینٹ کونظر اندازکرکے بانی پاکستان کے دوٹوک مؤقف کے برعکس محض ٹرمپ اورنیتن یاہوکی خوشنودی کے لیے 20نکاتی منصوبہ کی حمایت ملک وقوم سے غداری کے مترادف ہے کسی کوکوئی حق نہیں کہ وہ طے شدہ قومی موقف سے ہٹ کر ذاتی رائے اورمفادات کے لیے پوری قوم کے متفقہ موقف کے برعکس فیصلہ یا حمایت کرے ۔

رہنماؤں نے کہاکہ ٹرمپ کا 20نکاتی منصوبہ صرف اورصرف اسرائیل کو تحفظ دینے کی کوشش کے سواکچھ نہیں ،اسرائیلی وزیر اعظم نے اپنے عمرانی زبان میں واضح کردیا کہ وہ فلسطین سے اسرائیلی فوجیں نہیں نکالے گا ۔اس منصوبہ میں آزادفلسطینی ریاست کاکوئی منصوبہ شامل نہیں اورفلسطینی عبوری کونسل کے سربراہ خودامریکی صدرٹرمپ ہوں گے اورعراق میں لاکھوں مسلمانوں کے قاتل برطانوی سابق وزیر اعظم ٹونی بلیئرکوبھی فلسطینی انتظامی کونسل میں شامل کیاگیاہے جو خودمسلمانوں کا قاتل اورجنگی مجرم ہے ۔

رہنماؤں نے کہامسلم حکمران ہوش کے ناخن لیں اورقرآنی احکامات کو پڑھیں ’’سورہ مائدآیات 51میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا’’اے ایمان والویہودونصاریٰ کودوست نہ بناؤ وہ آپس میں ایک دوسرے کے دوست ہیں اورتم میں جو کوئی ان سے دوستی رکھے گا تووہ انہیں میں سے ہے بے شک اللہ بے انصافوں کوراہ نہیں دیتا‘‘خداراکفارکے دھوکے میں نہ آئیں ان پر اعتبارنہ کریں وہ کبھی مسلمانوں کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ۔

رہنماؤں نے کہاکہ پاکستانی حکومت اورفیلڈمارشل سے اپیل کہ وہ ملی وقومی غیرت وحمیت کامظاہرہ کرتے ہوئے فلسطین وکشمیر سمیت دنیا بھرکے مظلوم مسلمانوں کی حمایت کے لئے آگے بڑھے اسلامی ممالک کو یکجاکرکے آزادفلسطین ریاست جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہواس کے لیے عملی اقدامات کریں اگر اس وقت بھی دنیا بھرکے مسلمان فلسطینی مسلمانوں سے لاتعلق رہے تو روزمحشر اللہ تعالیٰ کو کیاجواب دیں گے ۔