آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان

اتوار 5 اکتوبر 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) آئندہ 24 گھنٹوں میں لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور ،راولپنڈی،اٹک ،چکوال، جہلم، گوجرانولہ، گجرات ،سیالکوٹ ،نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بارش کی پیشگوئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر علاقوں نور پور تھل میں 47 ملی میٹر ،فیصل آباد 42 ، اوکاڑہ 35 ،ٹوبہ ٹیک سنگھ 34 ، سرگودھا میں 23 ،لاہور 38 ، جھنگ 17 اور میانوالی میں 10 ملی میٹر جبکہ شورکوٹ، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، قصور اور ساہیوال میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ بارشوں کے باعث دریائے سندھ اور جہلم میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔

5 سے 7 اکتوبر کے دوران دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافے کا امکان ہے۔ دریائے ستلج اور راوی میں بھی پانی کے بہاؤکا انحصار بھارتی آبی ذخائر سے اخراج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے دریاؤں سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ بارشوں کے باعث کمشنر ز ،ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران الرٹ ہیں۔