امحکمہ تحفظِ ماحولیات نے پنجاب کے 18 اضلاع میں فضائی معیار کے اعداد و شمار کا تجزیہ مکمل کر لیا‘ سینئر صوبائی وزیر

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبے میں خودکار سموگ مانیٹرنگ سسٹم اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس سموگ ایکشن پلان نافذ کیا گیا ‘ مریم اورنگزیب

اتوار 5 اکتوبر 2025 22:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب کے پہلے خودکار سموگ نگرانی اور پیشگوئی نظام کے تحت گزشتہ روزصبح لاہور کا فضائی معیار معتدل ریکارڈ کیا گیا۔ صبح 4 بجے ہونے والی بارش کے بعد لاہور کا اوسط اے کیوآئی 62 رہا، جو معتدل زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے روزمرہ معمولات بخیر انجام دے سکتے ہیں کیونکہ ایئر کوالٹی میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ صبح 8 بجے سورج نکلنے اور درجہ حرارت بڑھنے سے فضائی معیار میں مزید بہتری آئی، جبکہ صبح 10 بجے اے کیوآئی 70، درجہ حرارت 29 ڈگری اور ہوا کی رفتار 18 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا۔ دوپہر 1 بجے اے کیوآئی 92، درجہ حرارت 33 ڈگری، اور دوپہر 2 بجے اے کیوآئی 86، درجہ حرارت 35 ڈگری اور ہوا کی رفتار 14 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ تحفظِ ماحولیات نے پنجاب کے 18 اضلاع میں فضائی معیار کے اعداد و شمار کا تجزیہ مکمل کر لیا ہے۔ ڈی جی خان میں اے کیوآئی میں ایک وقتی اضافہ رپورٹ ہوا، جس پر ای پی اے ٹیم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مسئلے کی نشاندہی اور خاتمہ یقینی بنایا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں خودکار سموگ مانیٹرنگ سسٹم اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس سموگ ایکشن پلان نافذ کیا گیا ہے۔

لاہور سمیت مختلف شہروں میں ٹارگٹڈ سموگ آپریشن کے تحت سموگ گنز مشینوں کے ذریعے ٹریفک، تعمیراتی سائٹس اور صنعتی علاقوں میں فضائی آلودگی کم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ پنجاب میں درست اور بروقت اے کیوآئی ڈیٹا عوام تک پہنچایا جا رہا ہے تاکہ شہری فضائی معیار کے بارے میں آگاہ رہیں۔ سموگ اور فضائی آلودگی سے متعلق معلومات اب موبائل ایپلی کیشنز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ‘‘پنجاب حکومت کے سموگ کنٹرول اقدامات عالمی معیار کے مطابق ہیں۔ شہری فضائی آلودگی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں ظ گاڑیوں کا ایمیشن ٹیسٹ بروقت کرائیں، کوڑا جلانے سے گریز کریں اور درخت لگانے کو اپنی عادت بنائیں۔’’انہوں نے کہا کہ فضائی معیار میں بہتری صرف حکومتی اقدامات سے نہیں بلکہ عوامی تعاون سے ممکن ہے۔

سموگ کم کرنے کی شروعات ہر شہری کے روزمرہ کے انتخاب سے ہوتی ہے ظ صاف ایندھن کا استعمال، گاڑیوں کی سروسنگ اور ماحول دوست رویے اپنا کر ہم صاف فضا کے محافظ بن سکتے ہیں۔مریم اورنگزیب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماحولیاتی صفائی کو یقینی بنائیں، سبزہ بڑھائیں اور درخت لگائیں کیونکہ یہی اقدامات سموگ پر قابو پانے میں مددگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کے خلاف پنجاب حکومت کا مشن صاف، صحت مند اور سرسبز پنجاب ہے، اور یہ مقصد عوام کے تعاون سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔