Live Updates

اضلاع میں 2233 سروے ٹیمیں گھر گھر جا کر متاثرین کا ڈیٹا اکٹھا کر رہی ہیں‘ مریم اورنگزیب

اتوار 5 اکتوبر 2025 22:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے فلڈ سروے پورے جذبے اور تندہی سے جاری ہے۔ 27 اضلاع میں 2233 سروے ٹیمیں گھر گھر جا کر متاثرین کا ڈیٹا اکٹھا کر رہی ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق اب تک فلڈ سروے کے دوران 1 لاکھ 27 ہزار متاثرین کا مکمل ڈیٹا حاصل کیا جا چکا ہے، جبکہ 88,865 کسانوں سے سیلاب میں فصلوں کے نقصان کی تفصیلات لی گئی ہیں۔

سروے ٹیموں نے 3 لاکھ 42 ہزار ایکڑ سے زائد متاثرہ زرعی اراضی کی نشاندہی مکمل کرلی ہے۔مزید بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ 37,044 مکانات اور 1400 مویشیوں سے محروم خاندانوں کی تفصیلات بھی حاصل کر لی گئی ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 5836 ہلاک مویشیوں کا اندراج رپورٹ میں شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پاک فوج کے جوان، اربن یونٹ، ریونیو، محکمہ زراعت اور لائیو اسٹاک کے نمائندے مشترکہ طور پر فیلڈ میں کام کر رہے ہیں اور سروے ٹیمیں دور افتادہ علاقوں تک پہنچنے کے لیے کشتیوں کا استعمال کر رہی ہیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب روزانہ کی بنیاد پر سروے میں پیش رفت کا جائزہ لے رہا ہے تاکہ ہر متاثرہ خاندان کو انصاف اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔سیلاب متاثرین نے سروے ٹیموں کی بروقت آمد اور فعال کارکردگی پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ متاثرہ علاقوں میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور قائد نواز شریف کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔ متاثرین نے کہا کہ سروے ٹیموں کا اتنی جلدی گھر گھر پہنچنا ہماری توقعات سے کہیں بڑھ کر ہے۔

عوامی رائے کے مطابق،‘‘اگر شفافیت برقرار رہے تو کچھ وقت زیادہ لگنے میں کوئی حرج نہیں۔’’سروے ٹیموں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ہر حق دار کو اس کا حق ضرور ملے گا۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں سیلاب متاثرین کی بحالی ایک مشن کی حیثیت رکھتی ہے، اور پنجاب حکومت اس عمل میں شفافیت، تیزی اور انصاف کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات