زی نیوز، ٹائمزنائو نوبھارت اسلام دشمن ’’مہندی جہاد‘‘کے پروپیگنڈے میں ملوث پائے گئے

پیر 6 اکتوبر 2025 15:25

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) بھارت کی نیوز براڈکاسٹنگ اینڈ ڈیجیٹل اسٹینڈرڈز اتھارٹی (این بی ڈی ایس ای)نے ٹی وی چینلز زی نیوزاور ٹائمز نائو نوبھارت کو اسلام دشمن اور من گھڑت’’مہندی جہاد‘‘اور ’’لو جہاد‘‘ کے پروپیگنڈا پروگرام نشر کرنے پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا قصوروار پایا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ فیصلہ میڈیا محقق اندرجیت گھورپڑے کی طرف سے باضابطہ شکایات درج کرانے کے بعد سامنے آیا جن میں چینلز پر مسلمانوں کو بدنام کرنے کے لئے مسلم دشمن نفرت انگیز تقاریر اور غلط معلومات پھیلانے کا الزام لگایا گیا تھا۔

اتھارٹی نے کہاکہ زی نیوزنے ایساموادنشر کر کے صحافت کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ مہندی لگانے والے مسلمان آرٹسٹس ہندو خواتین کا مذہب تبدیل کراتے ہیں۔

(جاری ہے)

چینل کی نشریات میں ’’مہندی جہاد پر دے دنا دن‘‘ جیسی سنسنی خیز سرخیاں تھیں اور بار بار غیر تصدیق شدہ دعوے کو دہرایاجارہا تھا کہ مہندی لگانے والے مسلمان مہندی میں تھوک رہے ہیںیا ہندو خواتین کو مذہب کی تبدیلی پر آمادہ کر رہے ہیں۔

رپورٹس میں حقائق کی بنیاد، تصدیق یا کسی جوابی نظریے کا فقدان تھا اور انہیں اشتعال انگیز بیان بازی اور مسلم کاریگروں کے خلاف بائیکاٹ کی کالوں کے ذریعے مزید وسعت دی گئی۔اسی طرح ٹائمز نا ئو نوبھارت کو اتر پردیش کے ایک کیس میں متعصبانہ رپورٹنگ کا قصوروارپایاگیاجس میں ایک مسلمان شخص محمد عالم کو نام نہاد ’’لو جہاد‘‘کے بیانیہ کے تحت عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

چینل نے خاتون کی عدالتی گواہی کو نظر انداز کیاکہ اسے اس کے والدین اور دائیں بازو کے گروپوں نے جھوٹی شکایت درج کرانے پرمجبور کیا جبکہ چینل نے ایک مقامی جج کے فرقہ وارانہ ریمارکس کو نشرکیا۔اگرچہ اتھارٹی نے دونوں نیٹ ورکس کو قابل اعتراض ویڈیوز ہٹانے کی ہدایت کی اور رسمی مشورے بھی دیے لیکن گھورپڑے سمیت ناقدین نے اسے محض دکھاوا اور غیر موثر کارروائی قرار دیا۔