Live Updates

بھارت میں سیلاب: درجنوں ہلاکتیں، نیپال اور بھوٹان بھی متاثر

DW ڈی ڈبلیو پیر 6 اکتوبر 2025 13:40

بھارت میں سیلاب: درجنوں ہلاکتیں، نیپال اور بھوٹان بھی متاثر

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 06 اکتوبر 2025ء) اختتام ہفتہ پر موسلا دھار بارش کے باعث بھارتی ریاست مغربی بنگال میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 28 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہو گئے۔ پہاڑی مقام میرک سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں ایک بڑا پل گرنے سے قصبہ اور اردگرد کے گاؤں دنیا سے کٹ گئے۔

میرک، جو سومندو جھیل اور ہمالیہ پہاڑ کی کنچن جنگا چوٹی کے نظاروں کے لیے مشہور ہے، سے 13 لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ مزید 10 افراد، جن میں کئی سیاح بھی شامل ہیں، اتوار کی شام تک لاپتہ تھے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ''دارجلنگ میں پل کے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہے ۔

(جاری ہے)

۔ ۔ شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد صورت حال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔ ہم ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘

فوج کے مطابق سرحدی قصبے فونسولنگ میں پھنسے شہریوں کو نکالنے کے لیے فوجی ہیلی کاپٹر بھیجے گئے ہیں۔

عمومی طور پر جون سے ستمبر تک چلنے والا مون سون کا سیزن ہر سال جنوبی ایشیا میں تباہی اور جانی نقصانات کا باعث بنتا ہے، لیکن حالیہ برسوں میں مہلک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں نے ان آفات کی شدت، دورانیے اور تواتر کو مزید بڑھا دیا ہے۔

نیپال میں تباہی

بھارت کے پڑوسی ملک نیپال میں بھی طوفانی بارشوں اور اچانک آنے والے سیلاب کے باعث جمعے سے اب تک 50 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

مسلسل بارشوں سے دریاؤں میں طغیانی آ گئی ہے اور ہمالیہ کے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔

نیپال کی نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی کی ترجمان شانتی مہت نے نیوز ایجنسی اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے بارش سے وابستہ آفات میں کم از کم 44 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی اور کہا کہ پانچ افراد لاپتہ ہیں۔

سب سے زیادہ متاثرہ مشرقی ضلع ایلم میں صرف لینڈ سلائیڈنگ سے 37 افراد ہلاک ہوئے۔

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایورسٹ کی مشرقی تبتی جانب برفانی طوفان کے باعث راستے بند ہونے سے تقریباً ایک ہزار افراد وہاں پھنس کر رہ گئے ہیں۔

بھوٹان بھی متاثر

بھوٹان میں اتوار کے روز مقامی حکام اور بھارتی فوج نے مشترکہ ریسکیو کارروائی کرکے ان لوگوں کو بچا لیا، جو آموچو دریا میں اچانک آنے والے سیلاب میں پھنس گئے تھے۔

سیلاب کے باعث بھوٹان کے عارضی رہائشی اور مزدور کیمپوں میں کئی خاندان اور کارکن بھی پھنس گئے تھے۔

ڈروک ایئر، جو بھوٹان کی قومی ایئر لائن ہے، کا ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث پرواز نہ کرسکا، جس کے بعد بھوٹان نے بھارت سے فوری مدد طلب کر لی۔

ادارت: مقبول ملک

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات