شہر اولیا میں طوفانی بارش، شہر بھر میں واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی

پیر 6 اکتوبر 2025 16:32

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) ملتان میں اتوار کی شب ہونے والی طوفانی بارش کے بعد پیر کی دوپہر کو ایک بار پھر تیز بارش نے شہر کو جل تھل کر دیا۔ مسلسل بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ واسا کی ٹیمیں نکاسیٔ آب کے کام میں مصروف ہیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق واسا عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ بارش کے دوران الرٹ موڈ میں ہے۔

اس سلسلے میں ایم ڈی واسا خالد رضا خان نے شہر بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور تمام فیلڈ سٹاف کو فوری طور پر نکاسیٔ آب کے لیے متحرک رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ایم ڈی واسا خالد رضا خان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بجلی کے پولز اور تاروں سے دور رہیں کیونکہ ان میں کرنٹ آنے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ شہری ایسے مقامات پر جانے سے گریز کریں جہاں پانی جمع ہو چکا ہو تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔خالد رضا خان نے والدین سے بھی درخواست کی کہ وہ بچوں کو بارش میں کھیلنے سے روکیں اور انہیں گھروں کے اندر محفوظ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ واسا کی ٹیمیں شہریوں کی سہولت کے لیے ہر وقت الرٹ ہیں اور بارش کے پانی کے فوری نکاس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں