ڈنمارک کی سپریم کورٹ کے جج جسٹس محمد احسن کا سپریم کورٹ آف پاکستان کا دورہ

پیر 6 اکتوبر 2025 16:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) ڈنمارک کی سپریم کورٹ کے جج جسٹس محمد احسن نے پیر کو سپریم کورٹ آف پاکستان کا دورہ کیا۔ سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ دورہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی دعوت پر سرکاری حیثیت میں کیا گیا۔جسٹس محمد احسن ممتاز ماہر قانون ہیں جنہوں نے آئینی اور انتظامی قوانین میں نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں۔

وہ عدالتی اصلاحات اور بین الاقوامی قانونی تعاون کے شعبوں میں عالمی سطح پر جانے جاتے ہیں۔سپریم کورٹ آمد پر چیف جسٹس آف پاکستان نے مہمان جج کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں، سپریم کورٹ کے جج صاحبان کی جانب سے ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں معزز جج صاحبان اور مہمان شخصیت کے درمیان عالمی عدالتی نظام اور بہترین عدالتی روایات پر مفید گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران، جسٹس محمد احسن کو سپریم کورٹ بلڈنگ، پبلک فیسلیٹیشن سینٹر اور سپریم کورٹ میوزیم کا دورہ کرایا گیا۔ انہیں سپریم کورٹ میں جاری ڈیجیٹلائزیشن، عدالتی اصلاحات، شفافیت اور انصاف تک رسائی بڑھانے سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔جسٹس محمد احسن نے عدالت کی کارروائیوں کا مشاہدہ بھی کیا اور بار کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران پاکستان اور ڈنمارک کے عدالتی نظام پر تبادلہ خیال کیا۔یہ دورہ پاکستان اور ڈنمارک کی عدلیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون، قانونی مہارت کے تبادلے اور عدالتی استعداد کار میں اضافے جیسے اہم شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے کی ایک اہم کاوش ہے۔