Live Updates

حالیہ سیلاب کےدوران عوام تک درست اوربروقت اطلاعات کی فراہمی اورمسائل کی نشاندہی میں میڈیانےانتہائی ذمہ دارانہ کرداراداکیا،ڈپٹی کمشنر

پیر 6 اکتوبر 2025 19:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے کہا کہ تاریخ کے بدترین سیلاب کے دوران میڈیا کا کردار مثالی رہا،عوام تک درست اور بروقت اطلاعات کی فراہمی اور مسائل کی نشاندہی میں میڈیا نے انتہائی ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سیالکوٹ کے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کے دوران عوام تک بروقت معلومات پہنچانے اور مسائل کی نشاندہی کرنے پر میڈیا کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر انہوں نے فرداً فرداً تمام صحافیوں سے آراء معلوم کیں اور انہیں بذاتِ خود کاغذ پر نوٹ بھی کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل سمبڑیال کے 97 میں سے 65 موضع جات کا سروے مکمل ہو چکا ہے جبکہ 32 باقی رہ گئے ہیں اور یہاں سروے اسی ہفتے پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا جبکہ تحصیل سیالکوٹ میں 276 میں سے ابھی 53 موضع جات کا سروے مکمل کیا جا چکا ہے اور بقیہ رواں ماہ کے دوران مکمل کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صوبہ بھر کی طرح سیالکوٹ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا سروے جاری ہے اور اس مقصد کیلئے سیالکوٹ میں 75 سروے ٹیمیں فعال ہیں اور ہر ٹیم میں محکمہ زراعت ، لائیو اسٹاک، ریونیو، اربن یونٹ کے علاوہ پاکستان آرمی کا بھی ایک نمائندہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسرور اور ڈسکہ کی تحصیلوں میں ابھی سروے کا آغاز نہیں ہوا تاہم سمبڑیال کے بعد ٹیمیں ان تحصیلوں میں بھی اپنا کام شروع کر دیں گی۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ دریاؤں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا سروے ترجیحی بنیادوں پر پہلے مکمل کیا جا رہا ہے جبکہ نالوں میں طغیانی سے متاثرہ علاقوں کا سروے اس کے بعد شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے تخمینے کے مطابق پورے پنجاب میں سیلاب کی وجہ سے چاول کا زیرِ کاشت رقبہ سب سے زیادہ سیالکوٹ متاثر ہوا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام نالوں پر سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے جامع آپریشن شروع کیا جا رہا ہے۔ سیلاب کے بعد ڈینگی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت کو فعال کر دیا گیا ہے۔ لاروا کی تلفی کو ترجیح دی جا رہی ہے اور سپرے صرف انتہائی ضرورت کے تحت کیا جاتا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات