موجودہ حکومت گنڈاپور کے وژن کے مطابق صوبے میں سیاحت، ثقافت اور ورثے کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ،فضل شکورخان

پیر 6 اکتوبر 2025 19:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) خیبر پختونخوا کے وزیر ثقافت، سیاحت، آثارِ قدیمہ و میوزیم فضل شکور خان نے نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے وژن کے مطابق صوبے میں سیاحت، ثقافت اور ورثے کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے وزیراعلیٰ کا وژن ہے کہ خیبر پختونخوا کو بین الاقوامی سطح پر ایک نمایاں سیاحتی مرکز کے طور پر متعارف کرایا جائے، جہاں قدرتی حسن، ثقافتی تنوع اور تاریخی ورثہ ترقی و روزگار کے نئے دروازے کھولے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے میں سیاحت کی ترقی نہ صرف معیشت کی مضبوطی بلکہ عالمی سطح پر مثبت امیج کے فروغ کے لیے بھی ناگزیر ہے صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد محکمہ کی ابتدائی بریفنگ حاصل کرنے کے بعد کیا ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد نے وزیرِ سیاحت کو محکمہ کے جاری منصوبوں، نئی سکیموں، ترقیاتی اہداف اور موجودہ کارکردگی سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اس موقع پر محکمہ کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا تاریخی اور قدرتی مقامات سے مالامال ہے، جنہیں عالمی معیار کے مطابق ترقی دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں پیٹرولیم کے بعد سیاحت سب سے بڑی صنعت کی حیثیت رکھتی ہے، اور خیبر پختونخوا میں اس شعبے کی ترقی سے ہزاروں افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے محکمہ کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام سیاحتی ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو جلد از جلد ان کے ثمرات حاصل ہو سکیں ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ہری پور ڈیم میں جدید بوٹنگ کی سہولت متعارف کرانے سے ایڈونچر ٹورازم کو مزید فروغ ملے گا، جبکہ ونٹر ٹورازم کے لیے مزید سکی ریزارٹس کے قیام پر بھی کام تیز کیا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ سیاحت، ثقافت، آثارِ قدیمہ و میوزیم وزیرِاعلیٰ علی امین گنڈاپور کے وژن کے مطابق اپنی خدمات کو مزید فعال اور نتیجہ خیز بنائے گا، تاکہ خیبر پختونخوا نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں سیاحت اور ثقافت کا مرکز بن کر اُبھرے۔