صدر اسلامی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد سے مفتی عبد الرحیم کی ملاقات، تعلیمی تعاون اور اتحاد پر زور

پیر 6 اکتوبر 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد سے جامعہ ترشید کے سرپرست اعلیٰ، الجامعۃ الغزالیہ کے چانسلر اور مجمع العلوم الاسلامیہ کے صدر مفتی عبد الرحیم نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وفد میں مولانا ڈاکٹر ولی خان المظفر، چانسلر کے مشیر اور انجینئر مفتی عثمان یوسف، بورڈ آف گورنرز الجامعۃ الغزالیہ کے رکن شامل تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی شرعی عدالت کے جج اور اسلامی یونیورسٹی بورڈ آف گورنرز کے رکن جسٹس سید محمد انور بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور امت مسلمہ کی خدمت کے لیے تعلیمی تعاون، اتحاد اور اصلاحی اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر تعلیم، امن، رواداری اور انسانیت سے محبت کے فروغ میں جامعات کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔ شرکا نے قرآن و سنت کی روشنی میں اسلامی تعلیمات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ مفتی عبد الرحیم نے صدر اسلامی یونیورسٹی کو الجامعۃ الغزالیہ اور جامعہ ترشید کے دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے خوشی سے قبول کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ روابط مشترکہ تعلیمی اور اصلاحی مقاصد کو مزید مضبوط کریں گے۔