تعلیم ،صحت اور روزگار کے مواقوں پر خواجہ سرائوں کا بھی حق ہے‘سردار سلیم حیدر خان

حکومتی اعلیٰ ایوانوں میں بھی خواجہ سراؤں کے لئے اقدامات اٹھانے کے لئے آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے پیپلزپارٹی پاکستان میں رہنے والی کسی کمیونٹی کو تنہا نہیں چھوڑے گی‘خواجہ سراؤں میں ہیلتھ کارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

پیر 6 اکتوبر 2025 20:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ تعلیم ،صحت اور روزگار کے مواقوں پر خواجہ سرائوں کا بھی حق ہے، حکومتی اعلیٰ ایوانوں میں بھی خواجہ سراؤں کے لئے اقدامات اٹھانے کے لئے آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے،پیپلزپارٹی پاکستان میں رہنے والی کسی کمیونٹی کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

ان خیالات کااظہار اُنہوں نے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں خواجہ سراؤں میں ہیلتھ کارڈز تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے خواجہ سراؤں کے لئے پنجاب میں پہلا ہیلتھ کارڈ متعارف کروا دیا ہے۔اس موقع پر خواجہ سرائوں کی بڑی تعداد موجودتھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ خواجہ سرامعاشرے کا اہم حصہ ہیں جنہوں نے اپنے حقوق کے لئے بہت جدوجہد کی ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ نادرہ،ہیلتھ ڈیسک،ہنرمند تربیتی پروگرام اور تعلیم و سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ حاصل کرنا خواجہ سراؤں کی بڑی کامیابی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ سے خواجہ سرا 6 لاکھ روپے تک پورے پنجاب میں اپنا علاج کروا سکیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی خواجہ سراؤں کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہر انسان عزت، احترام اور صحت کا حق رکھتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ صرف ایک کارڈ نہیں بلکہ عزت، سہولت اور برابری کا وعدہ ہے۔گورنرپنجاب نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کااجرا اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔اُنہوں نے کہا کہ خواجہ سراؤں کو ہسپتالوں میں نظر انداز کیا جاتا رہا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا ایک کارکن ہونے کے ناطے آپ کو واضح کرتا ہوں کہ یہ ہیلتھ کارڈ پیپلزپارٹی کے وثرن کی عکاسی کرتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ گورنر ہائوس بھی آپ کا دوسرا گھر ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی پاکستان میں رہنے والی کسی کمیونٹی کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مظلوموں، بے سہاروں، غریبوں، مزدوروں اور محنت کشوں کا ساتھ دیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومتی اعلی ایوانوں میں بھی خواجہ سراؤں کے لئے آواز بلند کرنے کی اشد ضرورت ہے۔خواجہ سرائوں نے کہا کہ سر دار سلیم حیدر خان پہلے گورنر ہیں جنہوں نے ہمیں گورنر ہائوس بلا کر اتنی عزت دی۔اُنہوں نے کہا کہ گورنرپنجاب نے ہمیں صحت کی سہولیات دے کر ہمارے دلوں میں گھر کر لیا ہے۔