پی ٹی آئی میں سب ٹھیک نہیں، اختلافات ختم نہیں ہورہے اور یہ ایک حقیقت ہے

پارٹی میں تفریق کوئی ختم نہیں کرتا بلکہ بڑھاوا دیا جاتا ہے،علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ 90دن میں بانی کو رہا کرانا ہے، سوشل میڈیا نے علی امین کا کیا حشر کیا ہے؟ شیر افضل مروت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 6 اکتوبر 2025 21:20

پی ٹی آئی میں سب ٹھیک نہیں، اختلافات ختم نہیں ہورہے اور یہ ایک حقیقت ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 06 اکتوبر 2025ء ) رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں سب ٹھیک نہیں، اختلافات ختم نہیں ہورہے اور یہ ایک حقیقت ہے، پارٹی میں تفریق کوئی ختم نہیں کرتا بلکہ بڑھاوا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال سے بانی پی ٹی آئی کو اسلام آباد کی نئی جیل میں منتقل کرنے کا پروگرام ہے۔

مجھے اس میں کوئی نقصان نظر نہیں آرہا، بانی پی ٹی آئی پر زیادہ کیسز کا تعلق اسلام آباد سے ہے، علیمہ خان نے پہلے مجھ پر بھی الزامات لگائے تھے جس کا جواب میں دے چکا ہوں۔ پی ٹی آئی میں سب ٹھیک نہیں ہے، ابھی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں جنید اکبر خان اشتعال میں آئے۔ تحریک انصاف میں اختلافات ختم نہیں ہورہے اور یہ ایک حقیقت ہے، پارٹی میں جو بھی تفریق ہوتی ہے، اسے کوئی ختم نہیں کرتا بلکہ بڑھاوا دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ 90دن میں ہم سب نے بانی پی ٹی آئی کو رہا کرانا ہے۔ یہ تحریک اکیلے علی امین کی تو نہیں یہ تو پوری جماعت کی تحریک ہونی چاہیئے۔ تحریک انصاف اس وقت تقسیم کا شکار ہے، سوشل میڈیا نے علی امین کا کیا حشر کیا ہے؟پہلے کچھ عرصے سے ایک بیانیہ بنایا گیاکہ پارٹی کے سب لوگ غدار ہیں۔ آج کل ویسے بھی معافیوں کا سیزن چل رہا ہے، معافی مانگنا بھی اعلیٰ ظرفی کی نشانی ہوتی ہے۔

مزید برآں پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر کردیا ہے۔ میڈیا کے مطابق پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی اور سینیٹ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ہے، اجلاس میں پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کی منظوری دے دی ۔ سینیٹ میں علامہ ناصر عباس کو اپوزیشن لیڈر بنانے کی منظوری دی ہے۔

اپوزیشن کل قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ میں اپوزیشن لیڈرز کے نام جمع کرائے گی۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے فرینڈلی فائر کا خیر مقدم کرتے ہیں عدم اعتماد لایئں پاکستان تحریک انصاف بھرپور سپورٹ کرے گی ۔ انہوں نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ انصاف یہاں ناپید ہو چکا ہے۔ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ پر جو دباؤ ہے اور جس طرح عدلیہ کو مینیج کیا جا رہا ہے، اُس کے پیشِ نظر عدلیہ سے توقعات بہت کم ہیں۔ بہرحال، ہمیں اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہے۔