لداخ میں 4 افراد کی ہلاکت کی آزادانہ تحقیقات تک جیل میں رہنے کیلئے تیار ہوں ، سونم وانگچک

لداخ کے عوام کے مفاد میں ایپکس باڈی جو بھی اقدام کرے گی، وہ ان کے ساتھ ہوں،پیغام

منگل 7 اکتوبر 2025 14:10

لہہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے خطے لداخ کے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک نے کہاہے کہ وہ لہہ میں اپنے حقوق کیلئے حالیہ احتجاج کے بھارتی پولیس کی بلا اشتعال فائرنگ سے چار شہریوں کی ہلاکت کے واقعے کی آزادانہ عدالتی تحقیقات تک جیل میں قید رہنے کیلئے تیار ہیں ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کالے قانون نیشنل سکیورٹی ایکٹ کے تحت گرفتاری کے بعد اپنے پہلے پیغام میں سونم وانگچک نی24ستمبر کو بھارتی پولیس کی فائرنگ میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے حقوق کیلئے پرامن جدوجہد جاری رکھنے کے لداخ کے عوام کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہاکہ وہ لہہ اپیکس باڈی ، کارگل ڈیموکریٹک الائنس اور لداخ کے عوام کے ساتھ چھٹے شیڈول کے نفاذ اور ریاست کے درجے کے حقیقی آئینی مطالبات میں مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ لداخ کے عوام کے مفاد میں ایپکس باڈی جو بھی اقدام کرے گی، وہ ان کے ساتھ ہوں۔وانگچک نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور اپنی تحریک کو عدم تشدد کے تحت جاری رکھیں ۔وانگچک کی اہلیہ گیتانجلی انگمو نے سپریم کورٹ میں ایک عرضداشت کے ذریعے انکی غیر قانونی نظربندی کو چیلنج کیاہے ۔