پی پی ، ن لیگ تنازع،سپیکر، رانا ثناء اللہ ،وزیر قانون ،سیدال خان بھی متحرک ہوگئے

منگل 7 اکتوبر 2025 22:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اکتوبر2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان تنازعہ سے پیدا شدہ پارلیمانی تعطل کا معاملہ حل کرانے کیلئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، قائم نقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ خان اور وزیرقانون اعظم نزیر تارڑ متحرک ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق چاروں سینئر مسلم لیگی رہنمائوں کے پیپلزپارٹی سے قائدین سے رابطے ہوئے ہیں جن میں واضح کیا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی بات چیت کے ذریعے معاملات کے حل کیلئے تیارہے تاہم پی پی پی کی طرف سے پیغام دیا گیا کہ نظام کو نقصان پہنچانا مقصد نہیں لیکن عزت و وقار پر سمجھوتہ ممکن نہیں۔

پی پی پی کا موقف تھا کہ پارلیمان کی ورکنگ معمول پر لانے کے لیے مسلم لیگ ن پہلیتحفظات دور کرے۔

(جاری ہے)

سینئر لیگی رہنمائوں نے پیپلزپارٹی کو تحمل سے کام لینے اور وزیراعظم کی واپسی کا انتظار کرنے کا مشورہ دیا۔ ذرائع کے مطابق لیگی رہنمائوں نے وزیراعظم سے رابطہ کرکے پیپلزپارٹی سے ہونے والی بات چیت سے آگاہ کردیا، وزیراعظم پاکستان واپسی پر خود تنازعہ کے حل کے لیے کردار ادا کریں گے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگی رہنمائوں کا اے این پی کے سربراہ ایمل ولی خان سے بھی رابطہ ہوا۔ایمل ولی نے سیکیورٹی واپس لینے سمیت دیگر تحفظات سے آگاہ کیا۔لیگی رہنمائوں نے وزیراعظم کی وطن واپسی پر معاملات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔