وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ڈنمارک کی سپریم کورٹ کے جج جسٹس محمد احسن کی ملاقات

منگل 7 اکتوبر 2025 20:10

وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ڈنمارک کی سپریم کورٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ڈنمارک کی سپریم کورٹ کے جج جسٹس محمد احسن نے ملاقات کی۔ ترجمان وزارت قانون وانصاف کے مطابق ملاقات میں وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک، سیکرٹری قانون راجہ نعیم اکبر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران پاکستان اور ڈنمارک کے عدالتی نظام کے ڈھانچے، کام کے طریقہ کار اور اصلاحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

جسٹس محمد احسن نے شرکاء کو ڈنمارک کی عدلیہ کے نظامِ کار کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ وفاقی وزیر قانون نے پاکستان میں جاری عدالتی اصلاحات اور انصاف تک عوامی رسائی بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔دونوں فریقین نے مستقبل میں عدالتی تعاون اور تجربات کے تبادلے کے امکانات پر بھی غور کیا۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے جسٹس محمد احسن کی بین الاقوامی عدالتی تعاون کے فروغ میں خدمات کو سراہا اور انہیں قانون و انصاف کے شعبے کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان عدالتی و قانونی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔