ڈاکٹر محمد اسرار صافی کا چیف انجینئر نارتھ کے دفتر کا دورہ ،کارکردگی، جاری منصوبوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی

منگل 7 اکتوبر 2025 20:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا کے معاونِ خصوصی برائے آبپاشی ڈاکٹر محمد اسرار صافی نے چیف انجینئر نارتھ کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہیں محکمے کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف انجینئر نارتھ انجینئر طارق علی خان نے شمالی ریجن کے آبی نظام، بنیادی ڈھانچے، موجودہ مسائل اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر جامع پریزنٹیشن پیش کی۔

اجلاس میں سپرنٹنڈنگ انجینئرز، فیلڈ فارمیشن افسران اور آبپاشی کلیکٹرز سمیت متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ آبپاشی خیبرپختونخوا نے محصولات کی شفاف وصولی اور جدید نظم و نسق کے لیے ای۔آبیانہ (E-Abiana) نظام متعارف کرایا ہے، جو خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ نظام مردان ڈویژن میں بطور پائلٹ پروجیکٹ آئندہ چند ماہ میں شروع کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے محصولات کی وصولی کو ڈیجیٹل بنایا جائے گا تاکہ بدعنوانی کے امکانات ختم ہوں اور کسانوں کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ شمالی ریجن کے 18 اضلاع میں آبی وسائل کے 109 منصوبے جاری ہیں جن میں نہروں، ڈیموں، بیراجوں اور سیلابی حفاظتی ڈھانچوں کی تعمیر و بحالی شامل ہے۔اس موقع پر معاونِ خصوصی ڈاکٹر اسرار صافی نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کے تمام افسران اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ڈاکٹر اسرار صافی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مختلف ڈیمز اور منصوبوں کا خود موقع پر جا کر معائنہ کریں گے تاکہ کام کی رفتار اور معیار پر براہِ راست نظر رکھی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف اور وزیراعلیٰ کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اورآبپاشی کے شعبے کے تحت شفافیت، گڈ گورننس اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے حقیقی تبدیلی لائیں گے۔