خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کا دل کے پیدائشی امراض میں مبتلا بچوں کی جان بچانے میں چینی ڈاکٹروں کے ہمدردانہ جذبے کو خراج تحسین، مشترکہ ریسرچ سینٹر قائم کرنے کی تجویز

منگل 7 اکتوبر 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) پاکستان کی خاتون اول آ صفہ بھٹو زرداری نے دل کے پیدائشی امراض میں مبتلا پاکستانی بچوں کی جان بچانے میں چینی ڈاکٹروں کے ہمدردانہ جذبے اور لگن کو سراہا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے یہ بات منگل کو چینی ایمبیسی میں منعقدہ قمری سالگرہ کی تقریب ’’ایک چمکتا ہوا چاند، سب متحد دل اور ہاتھ‘‘ میں اپنے کلیدی خطاب کے دوران کہی۔

تقریب کی مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے خاتون اول نے کہا کہ قمری سالگرہ کا تہوار ’’ہم آہنگی اور اتحاد‘‘ کی علامت ہے ، یہ وہ اقدار ہیں جو پاکستان اور چین کی گہری دوستی کی خوبصورتی سے عکاسی کرتی ہیں۔ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ آج رات، جب چاند کی روشنی اسلام آباد اور بیجنگ پر پڑ رہی ہے، تو یہ مشترکہ خوشحالی، امن اور ترقی کا راستہ روشن کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

چینی ڈاکٹروں کے ہاتھوں ہمارے بچوں کی جانیں الفاظ کو عمل میں بدلنے کی زندہ علامت ہیں، کسی بھی ملک نے اس طرح ہمارے عوام کے لیے ایسی ہمدردی کا اظہار نہیں کیا اور یہی چیز ہمارے تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔چینی سفیر جیانگ زیدونگ کی میزبانی میں منعقدہ تقریب میں خاتون اول نے پروفیسر ڈاکٹر پان ژیانگ بن اور فووائی ہسپتال کی ٹیم کی انسانیت دوست خدمات کے لیے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سرجیکل مہمات اور منظم طبی تربیت کو ممکن بنانے کے لیے دو طرفہ پیڈیاٹرک کارڈیالوجی پارٹنرشپ قائم کرنے کی تجویز پیش کی، نیز معیاری اداروں، این آئی سی وی ڈی اور اے ایف آئی سی کو چین کے فووائی ہسپتال سے منسلک کرنے کے لیے ٹیلی میڈیسن اور نالج شیئرنگ نیٹ ورک کی بھی تجویز پیش کی تاکہ رئیل ٹائم مشاورت اور مشترکہ تحقیق ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ چین میں پیڈیاٹرک کارڈیالوجی اور سرجری میں نئی نسل کے پاکستانی ماہرین کی تربیت کے لیے ایک سالانہ فیلوشپ پروگرام اور پیڈیاٹرک کارڈیک کیئر کے لیے ایک مشترکہ پاک چین سنٹر آف ایکسیلینس قائم کیا جائے جو دوستی کی ایک پائیدار علامت ہو اور پاکستان میں بچوں کو عالمی معیار کا علاج مہیا کر سکے۔ شہید بینظیر بھٹو کے وژن کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے اعادہ کیا کہ صحت کوئی مراعات نہیں بلکہ ہر فرد کا بنیادی حق ہے۔

اپنی والدہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ قیادت انسان کے اعتماد، مشکلات کو برداشت کرنے کی صلاحیت اور کسی خیال کو فروغ دینے کی توانائی کا نام ہے۔ خاتون اول نے کہا کہ جس طرح ہم اس اجتماع کو منا رہے ہیں اسی طرح ہم اپنے ان بچوں کی پھلتی پھولتی زندگیوں کو بھی منا رہے ہیں جن کے پاس اب ایک مستقبل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز (این آئی سی وی ڈی) اور گمبات انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، جو مفت جگر کی پیوند کاری مہیا کرتا ہے، مساوی اور باعزت صحت کی دیکھ بھال کی علامت ہیں۔

اپنے خطاب میں چینی سفیر نے خاتون اول اور شرکاء کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے چین کے فووائی ہسپتال کے وائس پریزیڈنٹ ڈاکٹر پان ژیانگ بن کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے سخت موسم اور سفر کی مشکلات کے باوجود پاکستانی بچوں کے علاج میں غیر معمولی لگن کا مظاہرہ کیا۔ سفیر جیانگ نے اس بات پر زور دیا کہ چینی قمری سال کے مطابق، قمری سالگرہ کا تہوار اتحاد، خوشی اور خاندان کے اجتماع کا جشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم پورے چاند کے نیچے ایک بڑے خاندان کی طرح جمع ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ بچوں کے دل کی دیکھ بھال میں پاک چین تعاون انسانیت کے لیے ان کی مشترکہ وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کی خواتین کی بااختیاری، تعلیم، صحت اور روزگار کو آگے بڑھانے میں ، خاص طور پر پسماندہ علاقوں میں، ان کی شراکتوں کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ اقدامات کے تحت بلوچستان کی خواتین میں 70,000 سے زائد صحت کے پیکج تقسیم کیے گئے ہیں۔اس تقریب میں ان والدین اور بچوں کی جانب سے تقاریر بھی شامل تھیں جن کا چین میں دل کے پیدائشی امراض کا علاج کیا گیا، انہوں نے چینی ڈاکٹروں کی انتھک محنت کے لیے شکریہ ادا کیا۔آن لائن خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر پان ژیانگ بن نے کہا کہ چینی اور پاکستانی ڈاکٹروں کے درمیان تعاون کے پائیدار نتائج برآمد ہوں گے۔\932