}انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کی ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس

آئندہ ربیع سیزن کے لیے پانی کی تقسیم کے تخمینے کی منظوری،ملک بھر میں ربیع سیزن کے لیے 33.814 ملین ایکڑ فٹ پانی مختص |ربیع سیزن میں آبپاشی کے لیے پانی کی 8 فیصد قلت کا امکان، ارسا ژ*خریف سیزن میں پانی کی آمد گزشتہ 10 سال کی اوسط سے 19 فیصد زیادہ رہی،رپورٹ

بدھ 8 اکتوبر 2025 03:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اکتوبر2025ء) انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کی ایڈوائزری کمیٹی کا ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں آئندہ موسمِ ربیع کے لیے پانی کی دستیابی کے تخمینے اور صوبوں کو پانی کی فراہمی کے اعدادوشمار پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ربیع سیزن 2025ط26 کے دوران آبپاشی کے لیے پانی کی دستیابی کے تخمینے کو باضابطہ منظوری دے دی گئی۔

ارسا کے مطابق، ربیع سیزن میں ملک بھر میں 8 فیصد پانی کی قلت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔اجلاس میں ربیع سیزن کے دوران مجموعی طور پر 33.814 ملین ایکڑ فٹ (MAF) پانی مختص کرنے کی منظوری دی گئی، جس کی صوبہ وار تقسیم درج ذیل ہے پنجاب 18.207 ملین ایکڑ فٹ سندھ 13.734 ملین ایکڑ فٹ خیبرپختونخوا 0.701 ملین ایکڑ فٹ بلوچستان 1.171 ملین ایکڑ فٹ ارسا کے مطابق، یہ تقسیم پانی کی دستیابی، ذخائر کی صورتحال اور صوبوں کے زرعی شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ارسا کی رپورٹ کے مطابق خریف سیزن 2025* کے دوران 122.364 ملین ایکڑ فٹ پانی کی آمد ریکارڈ کی گئی، جو کہ گزشتہ 10 سال کی اوسط کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ سال کے مقابلے میں بھی پانی کی آمد میں 14 فیصد اضافہ ہوا۔خریف سیزن کے دوران صوبوں نے مجموعی طور پر 78.4 ملین ایکڑ فٹ پانی استعمال کیا۔ارسا کے مطابق، ملک کے تمام بڑے آبی ذخائر (ڈیمز) اس وقت اپنی 99 فیصد گنجائش تک بھر چکے ہیں، جو آئندہ ربیع سیزن کے لیے ایک مثبت پیشرفت ہے۔

30 ستمبر 2025 تک ملک میں کل ذخیرہ شدہ پانی کی مقدار 13.214 ملین ایکڑ فٹ ریکارڈ کی گئی۔ ارسا حکام کے مطابق، پانی کی مؤثر تقسیم اور جدید مانیٹرنگ نظام کے تحت صوبوں کے مابین پانی کی منصفانہ فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ادارہ موسمی حالات اور دریائوں کے بہاؤ پر مسلسل نظر رکھے گا تاکہ فصلوں کی ضرورت کے مطابق فراہمی میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔