تین برسوں میں 113 ریلوے حادثات ریکارڈ، رپورٹ میں ہوشربا انکشافات

بدھ 8 اکتوبر 2025 13:30

تین برسوں میں 113 ریلوے حادثات ریکارڈ، رپورٹ میں ہوشربا انکشافات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) پاکستان ریلوے میں گزشتہ تین سال کے دوران پیش آنے والے حادثات میں انسانی غلطیوں اور تکنیکی خرابیوں کی نشاندہی ہو گئی۔ دستاویزات کے مطابق یکم جولائی 2021 سے 30 جون 2024 تک مجموعی طور پر 113 حادثات پیش آئے جن میں 36 انسانی غلطیوں جبکہ 77 بار ٹیکنّیکل فالٹس وجہ بنے۔ ریلوے دستاویز کے مطابق ملک بھر میں 536 خطرناک ریلوے پھاٹکوں میں سے اب تک صرف 168 کو اپ گریڈ کیا گیا ہے اسی عرصے میں پاکستان ریلوے نے 6 ہزار 49 مال گاڑیاں چلائیں۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 6 پٹریوں کی مرمت پر 31 ارب روپے کی لاگت آئے گی، ایک پٹری کی بحالی پر 20 لاکھ روپے جبکہ کمزور پلوں کی مرمت پر 98 کروڑ روپے درکار ہیں۔ حادثات کے خطرات کم کرنے کے لیے نئے منصوبے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کیے گئے ہیں جن میں حیدرآباد تا نیو چھور سیکشن کی بحالی کیلئے 19 ارب روپے، لاہور تا لالہ موسیٰ اور راولپنڈی سیکشن کے لیے 5 ارب روپے، ٹریک مشینوں کی خریداری کے لیے 12 ارب روپے، چائنہ کریک پل کی دوبارہ تعمیر کے لیے 5 ارب روپے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مزید برآں ریلوے حکام کے مطابق پنجاب میں 1414 کلومیٹر، سندھ میں 960 کلومیٹر، خیبرپختونخوا میں 173 کلومیٹر اور بلوچستان میں 33 کلومیٹر ریلوے ٹریک کو اپ گریڈ کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔