الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی اور قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا

بدھ 8 اکتوبر 2025 16:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی اور قومی اسمبلی کے حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ، ان حلقوں میں ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کر دہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 115 اور پی پی 116 فیصل آباد اور پی پی 269 مظفر گڑھ کے علاوہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور میں ضمنی انتخاب کے لئے یہ ضابطہ اخلاق جاری کیاگیا ہے جس کے مطابق صدر ، وزیراعظم ، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سپیکر و ڈپٹی سپیکر اسمبلی ، وزرا اور وزرائے مملکت ، گورنر ، وزرائے اعلیٰ ، صوبائی وزرا ، میئر ، چیئرمین ، ناظم سمیت دیگر عہدیداران انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیں سکیں گے۔

(جاری ہے)

سرکاری خزانے سے پرنٹ ، الیکٹرانک و سوشل میڈیا پر کوئی مہم نہیں چلائی جا سکےگی۔ 18/23 انچ کے پوسٹرز ، 9/6 انچ کے ہینڈ بل، 3/9 فٹ کے بینر اور 2/3 فٹ کے پورٹریٹ آویزاں کئے جاسکیں گے۔ سرکاری عمارتوں کے اوپر کسی پارٹی کا پرچم لگانے پر پابندی ہو گی۔ سیاسی جماعتیں اور امیدوار چار دیواری کے اندر طے شدہ جگہ پر جلسے اور کارنر میٹنگ کا انعقاد کرسکیں گے۔ الیکشن کمیشن نے این اے 18 ہری پور میں 8 اکتوبر سے کامیاب امیدوار کے اعلان تک کسی قسم کی سرکاری ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ کوئی بھی سرکاری حکام یا منتخب ممبران ترقیاتی سکیموں کا 23 نومبر تک اعلان نہیں کر سکیں گے۔