آزاد کشمیر کے تاریخی شہر شہدائی دلدلہ میں زلزلے کے شہداء کی یاد میں تقریب کا انعقاد

بدھ 8 اکتوبر 2025 21:57

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) آزاد کشمیر کے تاریخی شہر شہدائی دلدلہ میں زلزلے کے شہداء کی یاد میں ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں سکول کے معصوم بچے، اساتذہ، سول سوسائٹی، پاک فوج کے افسران و جوان اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولؐ سے کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حکومت سردار میر اکبر خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے بیس برس قبل آنے والے خوفناک زلزلے میں ناقابل فراموش قربانیاں دیں۔

اس زلزلے نے نہ صرف ہزاروں قیمتی جانیں نگل لیں بلکہ ریاست کے بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ اس المناک آفت میں آزاد کشمیر میں تقریباً 47 ہزار سے زائد بچے، خواتین، بزرگ، سرکاری افسران اور فوجی جوان جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ ہزاروں مکانات، سکول، ہسپتال اور سرکاری دفاتر مکمل طور پر زمین بوس ہو گئے۔

(جاری ہے)

تقریب سے کرنل محمد جہانگیر،اسسٹنٹ کمشنر سید کلیم عباس،ضلع مفتی سید وجاہت حسین گردیزی،جموں کشمیر یوناٹینڈ موومنٹ کے ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا صہیب کشمیری،اورین ایجوکیشن سسٹم کے طالبعلم ممبر میونسپل کارپوریشن کے فرزند معاذ سہیل نے خطاب کیا اس موقع پر شہری دفاع کے اہلکاران نے لوگوں کو فرسٹ ایڈ ٹریننگ کے بارے میں بریفنگ بھی دی،وزیرحکومت سردار میر اکبر خان کہا کہ یہ قربانیاں ہماری تاریخ کا سنہری باب ہیں۔

شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ہم سب پر ایک قرض چھوڑا ہے، جسے ہم اپنی آنے والی نسلوں تک یادگار بنائے رکھیں گے۔ آج ہم ان عظیم قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔وزیر حکومت سردار میر اکبر خان نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ زلزلے میں زمین بوس ہونے والے سینکڑوں سکولوں اور کالجوں کی تعمیر نو پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں ضروری این او سی درکار ہے اور جیسے ہی اجازت نامہ ملتا ہے، آزاد کشمیر میں تمام سرکاری تعلیمی اداروں کی تعمیر و بحالی کا عمل تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔اس موقع پر پاک فوج کے کرنل محمد جہانگیر نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور عوام کا رشتہ ہمیشہ قربانی اور ایثار سے جڑا ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام نے جس صبر اور ہمت کا مظاہرہ کیا وہ ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔

پاک فوج نے اُس وقت بھی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ریسکیو اور ریلیف آپریشن چلایا اور آج بھی کسی بھی آفت میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی،انہوں نے مزید کہا کہ اس زلزلے کے بعد آزاد کشمیر کے تعلیمی ادارے بری طرح متاثر ہوئے تھے۔ ہزاروں بچے کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور تھے، لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ حکومت آزاد کشمیر نے اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے سکولوں کی تعمیر و بحالی کے عمل کو بڑی سنجیدگی سے آگے بڑھایا ہے۔

اس ضمن میں حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز بھی کارآمد ثابت ہوئے ہیں اور جلد ہی ریاست کے تمام سکول جدید طرز پر تعمیر کر دیے جائیں گے۔آخر میں شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ علماء کرام نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے اور آزاد کشمیر کو ہر قسم کی آفات سے محفوظ فرمائے۔\378