Live Updates

صحافیوں کے تعاون سے ملکی اور مقامی مسائل کے حل کیلئے مل جل کر جد و جہد کریں گے ،نومنتخب صدرفیصل آبادچیمبر

بدھ 8 اکتوبر 2025 19:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر فاروق یوسف شیخ نے صحافیوں سے اپنی پہلی با ضابطہ تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ تاجر برادری کی طرح صحافی بھی ملکی معیشت کے اہم شراکت دار ہیں ،ہم فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈ سٹری کے پلیٹ فارم سے نہ صرف ملکر صنعت و تجارت کو در پیش مسائل حل کریں گے بلکہ شہر کی جامع اور منظم ترقی کیلئے بھی ملکر کوششیں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی سب سے بڑی منتخب ٹریڈ باڈی کے طور پر جہاں اس کی اہمیت بڑھ جاتی ہے وہاں اس کی ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔ ہم صحافیوں کے تعاون سے ملکی اور مقامی مسائل کے حل کیلئے مل جل کر جد و جہد کریں گے اور اس حوالے سے ہماری جدو جہد سب کو نظر بھی آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برآمدات بڑھانے کیلئے نئی منڈیاں تلاش کی جائیں گی اور اس سلسلہ میں افریقہ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

صدر ایف سی سی آئی نے کہا کہ برآمدات کو سو ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے برآمد کنندگان اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن اس سلسلہ میں حکومت کو بھی سیاسی استحکام، طویل المدتی پالیسیاں اور پیداواری لاگت میں کمی کیلئے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ فیڈ مک کی جلد آباد کاری اور ڈرائی پورٹ کے بنیادی ڈھانچہ میں بہتری کیلئے کام کیا جائے تا کہ فیصل آباد سے براہ راست برآمدات کو بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے نو جوان نسل کو سمارٹ بزنسز اور ای کامرس جیسے کاروبار شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ چیمبر شہر کی ترقی کیلئے بھی اپنی جد و جہد جاری رکھے گا۔انہوں نے فیصل آباد کے نئے کمشنر راجہ جہانگیر انور کی انتظامی صلاحیتوں اور طریقہ کار کو سراہا اور کہا کہ ہم مل کر شہر کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملکی معیشت کے تمام اہم ستون یکجا ہو کر کام کریں تو وطن عزیز کو بہت جلد آئی ایم ایف سے نجات مل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پیداواری لاگت میں کمی کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں ہم بھی حکومتی اداروں سے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ سیلاب زدگان کی مدد کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہمیں صرف حکومت سے توقعات لگانے کی بجائے خود بھی کوششیں کرنا ہوں گی اور چیمبر پہلے ہی متاثرین میں راشن پیک تقسیم کر رہا ہے۔ انہوں نے دیگر مسائل کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ آپ کو ہر مسئلہ پر کام ہوتا ہوا نظر آئے گا۔ فاروق یوسف شیخ نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب بھی دیئے جبکہ اس موقع پر سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ اور نائب صدر انجینئر عاصم منیر بھی موجود تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات