!حکومت باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی

بدھ 8 اکتوبر 2025 19:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اکتوبر2025ء) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے کوئٹہ کی باصلاحیت انٹرنیشنل پروفیشنل باکسر عابدہ بتول نے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں صوبائی مشیر کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ اور سیکرٹری کھیل درا بلوچ بھی موجود تھیں وزیر اعلی بلوچستان نے عابدہ بتول کو عالمی و قومی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور ان کی شاندار کارکردگی پر فخر کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ عابدہ بتول نے عالمی سطح پر پاکستان اور بلوچستان کا نام روشن کیا ہے جس پر پوری قوم اور صوبے کے عوام کو فخر ہے وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے اعلان کیا کہ حکومت بلوچستان عابدہ بتول کے آئندہ ترکی میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی مقابلے میں شرکت کے تمام سفری اخراجات برداشت کرے گی انہوں نے کہا کہ حکومت باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے وزیر اعلی نے کہا کہ عابدہ بتول جیسے کھلاڑی صوبے کا فخر ہیں جو نہ صرف کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں بلکہ نوجوان نسل کے لیے ایک مثبت مثال بھی قائم کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کی بین الاقوامی سطح پر شمولیت بلوچستان کی روشن اور مثبت پہچان کو دنیا کے سامنے اجاگر کر رہی ہے اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے محکمہ کھیل کی جانب سے خواتین ایتھلیٹس کی تربیت، سہولیات اور مواقع کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کی ہدایت بھی کی عابدہ بتول نے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے بھرپور حوصلہ افزائی اور سرپرستی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی بین الاقوامی اور قومی مقابلوں میں ملک اور صوبے کا نام مزید روشن کرنے کے لیے بھرپور محنت اور عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔