علی امین گنڈاپور کو مستعفی ہوئے گھنٹوں گزر گئے مگر استعفیٰ تاحال گورنر ہاوٴس نہ پہنچ سکا

استعفیٰ موصول ہونے کے بعد آئین کے مطابق اس کو دیکھا جائے گا، ذرائع گورنر ہاوٴس

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعرات 9 اکتوبر 2025 11:25

علی امین گنڈاپور کو مستعفی ہوئے گھنٹوں گزر گئے مگر استعفیٰ تاحال گورنر ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اکتوبر2025ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو مستعفی ہوئے 12 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر گیا مگر اب تک بھی ان کا استعفی گورنر ہاوس نہ پہنچ سکا۔ ذرائع گورنر ہاوٴس نے کہا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ تاحال موصول نہیں ہوا، استعفی موصول ہونے کے بعد آئین کے مطابق اس کو دیکھا جائے گا۔ علی امین گنڈاپور نے اپنا استعفٰی گورنر خیبرپختونخواہ کو ارسال کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

علی امین گنڈاپور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنا استعفیٰ شیئر کیا ، انھوں نے سوشل میڈیا پر استعفے کےساتھ ساتھ پیغام بھی جاری کیا ہے، سابق وزیراعلیٰ کے پی نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی سے متعلق لکھا کہ بانی کے احکامات کی تعمیل میرے لیے اعزاز ہے۔ اپنی ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا کہ صوبے کو مالی استحکام کی راہ پر گامزن کیا، ایک سال میں دہشت گردی کے چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ علی امین گنڈاپور نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ خیبر پختونخواہ میں بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے، کابینہ، اراکین اسمبلی اور بیوروکریسی کا شکرگزار ہوں۔ سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ نے اپنی ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ عوام کی خدمت دیانتداری سے کی، پاکستان زندہ باد، پی ٹی آئی پائندہ باد۔