عزہ امن معاہدہ:امریکی وزیرخارجہ مارکوروبیو نے صدرٹرمپ کو پریس کانفرنس کے دوران آگاہ کیا

مارکو روبیو نے پہلے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ٹرمپ کو ایک مختصر پیغام لکھ کر بھیجا اس کے بعد ان کے کان میں بتایا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 9 اکتوبر 2025 14:36

عزہ امن معاہدہ:امریکی وزیرخارجہ مارکوروبیو نے صدرٹرمپ کو پریس کانفرنس ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 اکتوبر ۔2025 ) غزہ میں جنگ بندی کے منصوبے کے پہلے مرحلے پر اتفاقِ رائے کے اعلان سے کچھ ہی دیر قبل امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ٹرمپ کو ایک مختصر پیغام لکھ کر بھیجا اس کے بعد روبیو ان کے قریب آئے اور کان میں چند الفاظ کہے جبکہ صدر اس وقت وائٹ ہاﺅس میں ایک پریس کانفرنس کررہے تھے.

(جاری ہے)

مارکوروبیو کے پیغام کے فوراً بعد صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ا نہیں اطلاع ملی ہے کہ ایک معاہدے تک پہنچنا انتہائی قریب ہے عرب نشریاتی ادارے کے مطابق مارکو روبیو نے اپنے ہاتھ سے نوٹ لکھ کر ٹرمپ کو دیا تھا اور جسے بین الاقوامی نشریاتی اداروں کے نمائندوںاور فوٹوگرافروں نے بھی دیکھا نوٹ میں لکھا تھا کہ معاہدہ انتہائی قریب ہے جبکہ اس کے آخر میں یہ جملہ درج تھا”ہمیں آپ کی منظوری درکار ہے تاکہ جلد ہی ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ لگائی جا سکے تاکہ آپ خود سب سے پہلے اس معاہدے کا اعلان کر سکیں“.

وائٹ ہاﺅس میں پریس کانفرنس ایک بالکل مختلف موضوع کے لیے منعقد کی گئی تھی جس کا غزہ کی جنگ سے کوئی تعلق نہیں تھا تاہم روبیو غیر متوقع طور پر اجلاس میں شریک ہوئے اور صدر کو یہ تحریر تھما دی بعد میں ٹرمپ نے” فوکس نیوز“ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ انہیں یقین ہے کہ غزہ میں قید یرغمالی آئندہ پیر کو اسرائیل واپس آجائیں گے. انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یرغمالی پیر کے دن واپس آئیں گے اور ان میں مرنے والوں کی لاشیں بھی شامل ہوں گی واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے حماس کے حملے کے دوران 251 افراد کو یرغمال بنایا گیا تھا جن میں سے 47 اب بھی غزہ میں موجود ہیں ان میں 25 کے بارے میں اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ مر چکے ہیں.

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بتایا کہ چیف آف اسٹاف ایال زامیر نے اپنی فورسز کو ہدایت دی ہے کہ وہ دفاعی طور پر مستعد رہیں اور ہر ممکن منظرنامے کے لیے تیار رہیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ یرغمالیوں کی واپسی کے لیے ممکنہ آپریشن کی قیادت حساسیت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کی جائے ادھر حماس نے بھی اس معاہدے کی تصدیق کی ہے اور وضاحت کی ہے کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 2000 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا.