غزہ معاہدے پر دستخط کی تقریب میں ٹرمپ کو مدعو کروں گا، مصری صدر

جمعرات 9 اکتوبر 2025 15:02

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے اعلان کیاہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مصر میں ممکنہ معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی دعوت دیں گے۔عرب ٹی وی کے مطابق قاہرہ میں پولیس اکیڈمی سے خطاب کرتے ہوئے صدر السیسی نے بتایا کہ مصر گزشتہ دو برس سے غزہ کی جنگ روکنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شرم الشیخ میں اس وقت جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات جاری ہیں اور ہماری تمام دعائیں ان مذاکرات کے ساتھ ہیں۔ میں صدر ٹرمپ کے حقیقی جذبے اور ان کی سنجیدہ کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں جو وہ موجودہ مذاکراتی مرحلے میں جنگ کے خاتمے کے لیے کر رہے ہیں۔صدر السیسی نے مزید کہا کہ انہوں نے صدر ٹرمپ کو پیغام بھیجا ہے کہ وہ غزہ کے مسئلے پر سمجھوتے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ مصر ہمیشہ فلسطینی مسئلے کے ساتھ مثبت اور تعمیری انداز میں پیش آتا ہے۔انہوں نے بتایاکہ مجھے شرم الشیخ کی بات چیت سے حوصلہ افزا خبریں ملی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس موقع کو ضائع نہ کیا جائے اور اسی مرحلے میں جنگ کا خاتمہ ممکن ہو۔صدر السیسی نے اس موقع پر کہا کہ خطہ مشکل اور نازک حالات سے گزر رہا ہے، مگر مصر ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم دہشت گردی پر قابو پا چکے ہیں اور ملک کی مجموعی صورت حال اطمینان بخش ہے۔مصری صدر نے زور دے کر کہا کہ کوئی بھی طاقت مصر کو دھمکا نہیں سکتی، کیونکہ ریاست ہر خطرے کا سامنا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔