پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والی کرکٹ سیریز کی نشریاتی تفصیلات

جمعرات 9 اکتوبر 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والی کرکٹ سیریز کی نشریاتی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔ سیریز کے دوران شائقین کرکٹ کو اعلیٰ معیار کی کمنٹری، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کی براڈکاسٹنگ فراہم کی جائے گی۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ سیریز کے لیے نشریاتی پینل میں جنوبی افریقہ کے سابق کپتان شان پولک، پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان عامر سہیل، سابق کپتان اور کمنٹیٹر رمیز راجہ، سابق فاسٹ باؤلر وقار یونس اور ٹیسٹ کرکٹر بازید خان شامل ہیں۔

وائٹ بال سیریز کے لیے خصوصی کمنٹری پینل تشکیل دیا گیا ہے جس میں عامر سہیل، رمیز راجہ، عروج ممتاز، جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومنی اور ورنن فلینڈر شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

براڈکاسٹ کے لیے 28 جدید کیمروں پر مشتمل ہائی ڈیفینیشن کوریج فراہم کی جائے گی جس میں بگی کیم کے ساتھ ہاک آئی اور الٹرا ایج ڈی آر ایس ٹیکنالوجی بھی شامل ہوگی تاکہ میچ کے ہر لمحے کو واضح طور پر پیش کیا جا سکے۔

پاکستان میں سیریز کے تمام میچز اے اسپورٹس اور ٹین اسپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے جبکہ ٹیپ میڈ اور تماشہ پلیٹ فارمز پر ان میچز کی لائیو اسٹریمنگ دستیاب ہو گی۔ بین الاقوامی سطح پر سیریز کی نشریات ولو ٹی وی، سپر اسپورٹس، ٹی اسپورٹس، کرک بز اور ڈائیلاگ ٹی وی کے ذریعے پیش کی جائیں گی تاکہ دنیا بھر کے شائقین پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین سنسنی خیز مقابلوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔