Live Updates

چیئرمین سینیٹ کی برطانیہ کے پارلیمانی وفد سے ملاقات ،فلسطین کی صورتحال سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا

کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کے فریم ورک کے تحت بین الپارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، یوسف رضا گیلانی

جمعرات 9 اکتوبر 2025 21:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) 68ویں کامن ویلتھ پارلیمانی کانفرنس کے موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی پاکستان کی برطانیہ کے پارلیمانی وفد سے ملاقاتچیئرمین سینیٹ پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی نے بریج ٹاؤن، بارباڈوس میں جاری 68ویں کامن ویلتھ پارلیمانی کانفرنس (CPC) کے موقع پر برطانیہ کے پارلیمانی وفد سے ملاقات کی۔

برطانوی وفد کی قیادت رکن پارلیمنٹ کیٹ اوسامور نے کی، جو کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن (CPA) کی چیئر اور لیبر پارٹی سے تعلق رکھتی ہیں۔ وفد میں لارڈ سید صلاح کمال (شیڈو منسٹر برائے صحت، کنزرویٹو پارٹی)، رکن پارلیمنٹ ڈیوڈ منڈیل (کنزرویٹو پارٹی، ایگزیکٹو ممبر CPA)، اور بیرونس لنڈسے نارتھوور (لبرل ڈیموکریٹس) بھی شامل تھیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے سینیٹر روبینہ خالد، سینیٹر محسن عزیز، اور اسپیکر سندھ اسمبلی، اویس قادر شاہ نے اجلاس میں شرکت کی۔

ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ اور کثیر الجہتی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کے فریم ورک کے تحت بین الپارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کے اصولی مؤقف کو واضح کیا، فلسطین کی موجودہ صورتحال پر بات کی، اور امن و سلامتی کے عالمی معاملات، بالخصوص افغانستان کے حوالے سے بین الاقوامی برادری کے مؤثر اور مسلسل کردار کی ضرورت پر زور دیا۔

اس کے ساتھ ساتھ چیئرمین سینیٹ نے ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ عالمی اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا۔چیئرمین سینیٹ نے برطانوی پارلیمنٹ کو 11 اور 12 نومبر 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی، جس میں دنیا بھر کے پارلیمانی رہنما مشترکہ جمہوری اقدار اور جدید طرزِ حکمرانی کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کریں گے۔

برطانوی وفد نے کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کے اندر پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور علاقائی امن، استحکام، اور تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ دونوں فریقین نے پارلیمانی مکالمے کو آگے بڑھانے اور کامن ویلتھ کے جمہوریت، مساوات، اور شمولیت کے اصولوں کو مشترکہ طور پر فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات