کابینہ کی منظوری کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر جنگ بندی کا نفاذ شروع ہوگا: ترجمان اسرائیلی حکومت

جمعرات 9 اکتوبر 2025 21:45

تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) اسرائیلی حکومت کی ترجمان شوش بیڈروسیان نے کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کی توثیق کے لیے کابینہ کے اجلاس کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر غزہ میں جنگ بندی کا آغاز ہو جائے گا۔بیڈروسیان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اسرائیل نے صبح مصر میں معاہدے کے حتمی مسودے پر دستخط کر دیے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق معاہدے میں طے پانے والے نکات کے تحت جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد 72 گھنٹوں کی مدت شروع ہوگی، جس کے دوران قیدیوں اور یرغمالیوں کا تبادلہ عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جیل میں موجود معروف فلسطینی سیاسی رہنما مروان برغوثی کو رہا نہیں کیا جائے گا۔بیڈروسیان کے مطابق تبادلے کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسرائیلی افواج ’یلو لائن‘ کے پیچھے ہٹ جائیں گی جبکہ اسرائیل غزہ کی پٹی کے 53 فیصد حصے پر اپنا کنٹرول برقرار رکھے گا۔