امریکاکاغزہ میں جنگ بندی کی نگرانی کے لیے 200 امریکی فوجی مشرق وسطیٰ بھیجنے کا عندیہ

جمعہ 10 اکتوبر 2025 10:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی سے ہونے والے غزہ امن معاہدے کے بعد امریکا 200 رکنی فوجی دستہ مشرق وسطیٰ میں تعینات کرے گا تاکہ جنگ بندی کی نگرانی کی جا سکے۔ اے ایف پی کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر اس مشن کی قیادت کریں گے۔ ایک اعلیٰ اہلکار کے مطابق ایڈمرل کوپر ابتدائی طور پر 200 اہلکاروں کے ساتھ میدان میں ہوں گے۔

ان کا کردار جنگ بندی کی نگرانی، مشاہدہ اور خلاف ورزیوں کو روکنا ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ اس ٹیم میں مصر، قطر، ترکی اور ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات کے فوجی افسران بھی شامل ہوں گے۔ایک دوسرے اہلکار نے وضاحت کی کہ کسی بھی امریکی فوجی کا غزہ میں داخل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، یہ ٹیم صرف نگرانی اور ہم آہنگی کے لیے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس خیال کے تحت یہ ٹیم بنائی گئی ہے کہ یہ ایک مشترکہ، تعاون پر مبنی ماحول میں کام کرے گی۔

اسرائیلی حکام بھی اس ٹیم کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں گے۔حکام نے بتایا کہ امریکی فوجیوں کی تعیناتی اس بات کا پیغام ہے کہ صدر ٹرمپ اس جنگ بندی کے وعدوں اور ضمانتوں کے پیچھے مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ایک اور سینئر اہلکار نے کہا کہ امریکی اہلکاروں کا مقصد ایک مشترکہ کنٹرول سینٹر قائم کرنے میں مدد دینا ہے، جس میں دیگر ممالک کے سکیورٹی اہلکار شامل ہوں گے تاکہ وہ اسرائیلی فورسز کے ساتھ کسی بھی ممکنہ تصادم سے بچ سکیں۔