امریکی سینیٹ نے 2026 کے لیے 925 ارب ڈالر کے دفاعی بجٹ کی منظوری دے دی، یوکرین کیلئے 50 کروڑ ڈالر کی امداد بھی شامل

جمعہ 10 اکتوبر 2025 10:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) امریکی سینیٹ نے مالی سال 2026 کے لیے 925 ارب ڈالر مالیت کے دفاعی بجٹ کی منظوری دے دی ہے جس میں یوکرین کے لیے 500 ملین (50 کروڑ) ڈالر کی امداد بھی شامل ہے۔ مالی سال یکم اکتوبر سے شروع ہو چکا ہے۔ تاس کے مطابق یہ بل 77 ووٹوں کی حمایت اور 20 ووٹوں کی مخالفت کے ساتھ منظور ہوا جبکہ منظوری کے لیے کم از کم 60 ووٹ درکار تھے۔

سینیٹ آرمڈ سروسز کمیٹی کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ بل "یوکرین سکیورٹی اسسٹنس انیشی ایٹو" کو 2028 تک توسیع دیتا ہے اور اس پروگرام کی فنڈنگ 500 ملین ڈالر تک بڑھا دی گئی ہے۔ اس پروگرام کے تحت پینٹاگون یوکرین کو براہ راست اسلحہ فراہم کرنے کے بجائے دفاعی ساز و سامان تیار کرنے والی کمپنیوں سے معاہدے کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ستمبر میں امریکی ایوانِ نمائندگان (کانگریس کا ایوانِ زیریں) نے بھی اپنے طور پر تقریباً 900 ارب ڈالر کے دفاعی بجٹ کی منظوری دی تھی، جس میں یوکرین کے لیے 400 ملین ڈالر مختص کیے گئے تھے۔

اب دونوں ایوانوں کی جانب سے منظور شدہ بلوں پر مشتمل حتمی مسودہ تیار کرنے کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس کے بعد یہ بل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط کے لیے بھیجا جائے گا۔یہ بجٹ ایسے وقت میں منظور کیا گیا ہے جب امریکہ عالمی سطح پر سکیورٹی چیلنجز، یوکرین جنگ اور بحرالکاہل میں چین کے بڑھتے اثر و رسوخ کے تناظر میں اپنی دفاعی پوزیشن مزید مضبوط کر رہا ہے۔