افواجِ پاکستان کے شہداء اپنے خون سے امن کے چراغ روشن کررہے ہیں، بشارت اٹھوال

لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت، میجر سبطین اور دیگر بہادر جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار

جمعہ 10 اکتوبر 2025 15:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) معروف مسیحی سماجی رہنما بشارت اٹھوال نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان کے بہادر افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے ملک میں امن و استحکام کی بنیاد رکھی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم امن کے قیام کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کی مقروض ہے، جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملک کو امن کی راہ پر گامزن کیا۔

بشارت اٹھوال نے حالیہ دہشت گرد حملوں میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت، میجر سبطین اور دیگر بہادر جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ غیور سپوت اپنے وطن کے تحفظ کے لیے آخری دم تک لڑتے رہے، اور اُن کی شہادت نے پوری قوم کے حوصلے بلند کر دیے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اورکزئی میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 30 دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ کاروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کے بہادر جوان کسی بھی دشمن کو ملک کے امن کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔بشارت اٹھوال نے مزید کہا کہ پاک فوج نہ صرف سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ اندرون ملک امن کی ضامن بھی ہے، اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اُن کی خدمات اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ اُنہوں نے مسیحی برادری کی جانب سے بھی شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ خدا اُنہیں صبر و استقامت عطا فرمائے۔