پروفیسر ثمر یوسف ورلڈ اکیڈمی آف سائنسز کی فیلو منتخب

ان کی رکنیت یکم جنوری2026سے مثر ہوگی، بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کا بیان

جمعہ 10 اکتوبر 2025 16:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیا اور حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)، جامعہ کراچی کے ذیلی ادارے ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری کی پروفیسر ڈاکٹر ثمر یوسف کو ترقی پذیر ممالک میں سائنس کے فروغ کے لیے ورلڈ اکیڈمی آف سائنسز (ٹواس)کی فیلو منتخب کیا گیا ہے، ان کی رکنیت یکم جنوری2026سے مثر ہوگی۔

آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسرثمر یوسف کو ساختیاتی نامیاتی اور قدرتی مصنوعات کی کیمسٹری کے میدان میں ان کی نمایاں خدمات کے باعث جانا جاتا ہے۔ وہ چھ کتابوں کی مدیر ہیں اور پانچ کتابی ابواب بھی تحریر کر چکی ہیں۔ ان کی260سے زائد تحقیقی مضامین عالمی معیار کے جرائد میں شائع ہو چکے ہیں،گوگل اسکالر پر ان کے حوالہ جات3,900سے زائد ہیں جبکہ ایچ انڈیکس32ہے۔

(جاری ہے)

وہ پاکستان میں کرسٹل انجینئرنگ کی بانی ہیں اور انہوں نے آئی سی سی بی ایس میں پہلا کرسٹل انجینئرنگ لیبارٹری قائم کی۔سال2019میں، وہ نظر انداز کی گئیں ٹروپکل امراض کے عنوان سے ایک پروجیکٹ میں پاکستان حب کا حصہ تھیں جو برطانیہ کی ڈرہم یونیورسٹی کے زیرِ انتظام اور گلوبل چیلنجز ریسرچ فنڈ کے تحت مالی معاونت یافتہ تھا۔ لییشمانائیسس کے میدان میں ان کی ٹیم کی غیر معمولی سائنسی کامیابیوں پر این ٹی ڈی نیٹ ورک کو2023میں برطانیہ کا نہایت معتبر میڈیکل ریسرچ کونسل امپیکٹ پرائز دیا گیا۔

پروفیسرثمر یوسف او آئی سی-کومسٹیک کی ممتاز اسکالر، پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کی رکن،ٹواس ینگ ایفلی ایٹ2013اور ٹواس ریجنل پرائز برائے نوجوان سائنسدان2012کی وصول کنندہ بھی ہیں۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے پروفیسرثمر یوسف کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔