ویمن یونیورسٹی ملتان میں ’’وطن کے دفاع اورپاک فوج سے اظہارِ یکجہتی واک‘‘ کا انعقاد

جمعہ 10 اکتوبر 2025 17:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) قومی یکجہتی اور جذبۂ حب الوطنی کے اظہار کے لیے ویمن یونیورسٹی ملتان میں ’’وطن کے دفاع اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی واک‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ واک وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کی قیادت میں منعقد ہوئی، جس میں اساتذہ، طالبات، مختلف شعبہ جات کی چیئرپرسنز، میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کی نمائندہ شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

ترجمان ویمن یونیورسٹی کے مطابق واک بھارت کی حا لیہ دھمکیوں کے تناظر میں پاکستان کی خودمختاری، قومی استحکام اور امن کے عزم کے اظہار کے طور پر منعقد کی گئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر افواجِ پاکستان زندہ باد اور وطن کی خاطر سب کچھ قربان کے نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

واک کے دوران شرکاء نے پاک فوج اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور جارحانہ عزائم کی شدید مذمت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ پاک فوج ہمارے وطن کی شان اور حفاظت کی ضامن ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت میں افواجِ پاکستان قومی اتحاد، یکجہتی اور استحکام کی حقیقی علامت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ماضی کی طرح آئندہ بھی کسی مہم جوئی کی صورت میں منہ توڑ جواب پائے گا، قوم اپنی فوج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔

ڈائریکٹر کیریئر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ثمینہ اختر نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ میں مثالی کردار ادا کیا ہے۔چیئرپرسن شعبہ کیمسٹری ڈاکٹر سارہ مصدق نے کہا کہ بھارت کی دھمکیاں دراصل اُس کی مایوسی اور ناکامی کا ثبوت ہیں۔ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر عدیلہ سعید نے کہا کہ آج کی واک اس عزم کی علامت ہے کہ پاکستان کی جامعات اور عوام اپنے دفاعی اداروں کے ساتھ ایک پیج پر ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا انعم زہرہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوم کی بیٹیاں صرف تعلیم و تربیت ہی میں نہیں بلکہ ملکی دفاع اور استحکام کے ہر محاذ پر اپنی موجودگی کا بھرپور احساس دلا رہی ہیں۔تقریب کے اختتام پر قومی ترانہ پیش کیا گیا جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور افواجِ پاکستان کی کامیابی کے لیے دعا کی۔