Live Updates

عقیدہء ختم نبوت ہی اسلام کی اساس ہے،پیر ارشدکاظمی

ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، شکیل قاسمی

جمعہ 10 اکتوبر 2025 17:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) تحریک اہل سنت پاکستان کراچی کے زیراہتمام، رابطہ کمیٹی علماء و مشائخ اہل سنت پاکستان کے اشتراک اور متحدہ ختم نبوت فورم پاکستان کے تحت عظیم الشان سالانہ ختمِ نبوت کانفرنس کا انعقاد ایچ ایچ اسلامک اکیڈمی، گلشن سرجانی کراچی میں کیا گیا۔یہ روح پرور اجتماع تحریک اہل سنت پاکستان سندھ کے صدر پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری کی صدارت، جبکہ رابطہ کمیٹی علماء مشائخ اہل سنت پاکستان کے سرپرست مفتی سید اختر حسین شاہ کاظمی کی سرپرستی میں منعقد ہوا۔

کانفرنس میں خانقاہِ عالیہ رحیم آباد شریف (ضلع حب) کے سرپرست شیخ طریقت، ہادی ملت پیر مفتی محمد ہادی بخش مجددی نقشبندی نے خصوصی شرکت و خطاب فرمایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما و بانی جنرل سیکریٹری ملک محمد شکیل قاسمی، مفتی محمد حفیظ اللہ ہادیہ، مولانا الحاج سلیم احمد ربانی، علامہ عنایت اللہ تونسوی، پروفیسر ڈاکٹر احمد حسن مجددی، علامہ مقبول الرحمان، علامہ قاری ارشاد الرحمان مصطفائی و دیگر مقررین نے کہا کہ عقیدہء ختم نبوت اسلام کی اساس ہے اور اہلِ سنت کا اس پر غیر متزلزل ایمان ہے۔

ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔مقررین نے کہا کہ آج کے پرآشوب دور میں عقیدہ ختم نبوت ﷺ پر حملے دراصل اُمتِ مسلمہ کے اتحاد و استحکام پر حملے ہیں۔ یہ کانفرنس پیغام دے رہی ہے کہ علمائے اہل سنت، مشائخ عظام، خانقاہیں اور دینی طبقات تحفظ ناموس رسالت ﷺ اور ختم نبوت ﷺ کے لیے متحد ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عشقِ رسول ﷺ، ایمان کی بنیاد اور ختم نبوت ﷺ کا تحفظ ہر مسلمان کا دینی و ایمانی فریضہ ہے۔

انہوں نے نوجوان نسل کو دعوت دی کہ وہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے عقیدہ ختم نبوت ﷺ کا شعور پھیلائیں اور اس کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا علمی اور پرامن جواب دیں۔کانفرنس میں علامہ نیازاکرمی، علامہ فیض مصطفی شمس قادری، علامہ حبیب شاہ ، رانا یوسف، راشدہادیہ، قاری ذاکر ہادیہ، فرحان رضا قادری، شہباز خانزادہ قادری سمیت خانقاہ رحیم آباد شریف کے خلفاء و متوسلین اور عاشقان رسول اورایچ ایچ اکیڈمی کے طلباء طالبات اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس کے اختتام پر ملک و ملت، استحکام پاکستان، امت مسلمہ کے اتحاد اور فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوںکے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ شرکاء کو لنگر و طعام پیش کیا گیا۔
Live غزہ امن معاہدہ سے متعلق تازہ ترین معلومات