تعلیم کے شعبے میں میرٹ کی بحالی سے ہی ترقی ممکن ہے ،صوبائی وزیرصحت

جمعہ 10 اکتوبر 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور صوبائی مشیر کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے وزیر اعظم پاکستان ایکسلیریٹڈ وہیکلز الیکٹریفیکیشن (PAVE) پروگرام کے تحت سال 2024 کے ایف اے ایف ایس سی کے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات میں الیکٹرک سکوٹیز تقسیم کیں۔ اس موقع پر چیئر مین بلوچستان بورڈ محمد اسحاق اور ڈپٹی ڈائریکٹر شمس اللہ خان کاکڑ بھی موجود تھے۔

چیئرمین بورڈ محمد اسحاق نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور طلباء کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔طلباء سے اپنے خطاب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کے بچوں نے نہ صرف انتہائی نامساعد حالات میں تعلیمی سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے بلکہ پوزیشنز بھی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے غیرفعال سکولوں کو دوبارہ فعال کردیا ہے۔

(جاری ہے)

سکولوں میں غیرحاضر اساتذہ کو دوبارہ حاضر کروادیا ہے۔

نقل کے روک تھام کیلیے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ چیئرمین بورڈ کا وژن نہایت مثبت ہے۔ وہ سسٹم کی بہتری کیلیے بہت محنت کررہے ہیں انکے اور انکی ٹیم کے محنت کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آج کے لگائے گئے پودے کل تناور درخت ثابت ہوں گے۔ بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی مثبت پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ ہونہار طلبہ و طالبات اپنا لوہا منوارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میںمیرٹ کی بحالی سے ہی ترقی ممکن ہے اسکا فائدہ براہ راست غریب اور محنتی طلباء کو ہوتا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بیف کے ذریعے سترہ ہزار بچے بچیاں دوسرے صوبوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ موجودہ حکومت میرٹ سسٹم کو برقرار رکھنے کیلیے ہر ممکن قدم اٹھارہی ہے۔علاوہ ازیں دنیا بھر کے ٹاپ 200 جامعات میں بلوچستان کے طلباء و طالبات اعلی تعلیم کیلیے جاسکتے ہیں۔

اس موقع پر مشیر کھیل و یوتھ افیئرز مینا مجید بلوچ نے کہا کہ یہ طلباء کیلیے الیکٹرک سکوٹیز وزیراعظم پاکستان کی جانب سے ہونہار طلباء و طالبات کیلیے ایک ٹوکن آف ایپری سی ایشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی ترقی کی بنیاد ہے۔ مشیر نوجوانان نے کہا کہ بچوں کیلیے والدین کی رہنمائی اور مدد بہت ضروری ہیں۔ مشیر امور نوجوانان نے کہا کہ ہماری آبادی کا آدھا حصہ بچیوں پرمشتمل ہے جنکو آج نہیں تو کل آگے آنا ہوگا۔

حکومت کی جانب سے 16000 اساتذہ کی بھرتی ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سکولوں کی حالت زار بہتر بنا رہے ہیں۔نقل کی حوصلہ شکنی کیے بغیر میرٹ کا قیام ناممکن ہے سرکاری تعلیمی اداروں کو بہتر بنانے کے لئے 3100 سکول فعال کردئیے گئی ہیں۔ پروگرام کے آخر میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں سکوٹیز تقسیم کیے گئے۔