محسن نقوی اور طلال چوہدری کا فیض آباد کا دورہ، مختلف علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے فرائض سر انجام دینے والے اسلام آباد پولیس و فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں سے ملاقات ،حوصلہ بڑھایا

جمعہ 10 اکتوبر 2025 22:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے فیض آباد کا دورہ کیا اور مختلف علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے رات گئے تک عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے فرائض سر انجام دینے والے اسلام آباد پولیس و فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں سے ملاقات کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری اور اسلام آباد پولیس کے جوانوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور ان کے جذبے کو سراہا ،جبکہ جوانوں سے کھانے پینے کی فراہمی کے بارے میں بھی دریافت کیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر موجود جوانوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے۔محسن نقوی نے کہا کہ آپ سب پاکستان کے سپاہی ہیں، قانون کی عملداری یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔