یاسین ملک زندگی و موت کی کشمکش میں ہیں، انہیں طبی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں ، مشعال ملک

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 16:14

یاسین ملک زندگی و موت کی کشمکش میں ہیں، انہیں طبی سہولیات فراہم نہیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ میری اپیل ایک ماں، ایک بیوی یا ایک بیٹی کی نہیں، بلکہ پوری انسانیت کے ضمیر کی ہے،یاسین ملک اس وقت زندگی و موت کی کشمکش میں ہیں،جیل میں ان کیلئے طبی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کی دل کی بیماری اور خوراک میں زہر کی اطلاعات ہیں،سب کچھ ایک ہی طرف اشارہ کر رہا ہے، اگر ہم خاموش رہے، تو بہت دیر ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کے دل کا پرانا والو ناکارہ ہوگیا ہے، انہیں فوری آئی سی یو کی ضرورت ہے، ان کا "میٹلک ہارٹ والو" جو 1990ء میں لگایا گیا، اب ناکارہ ہو چکا ہے،ان کی حالت آئی سی یو کی متقاضی ہے، لیکن انہیں وہ سہولت نہیں دی جا رہی،یہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں بلکہ یہ انسانیت پر حملہ ہے۔

(جاری ہے)

مشعال ملک نے کہا کہ یہ جنگ یاسین ملک کی نہیں، یہ حق، سچ اور انصاف کی بقاء کی جنگ ہے،اگر ان کی جان کو کچھ ہوا، تو یہ پورا خطہ آگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ عالمی اداروں، انسانی حقوق کے علمبرداروں اور تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ خدارا خاموش نہ رہیں آواز اٹھائیں،کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں یاسین ملک کے لیے احتجاج اور دعائوں کا سلسلہ جاری ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ علاج سے محرومی پر عالمی میڈیکل تنظیمیں فوری ایکشن کیوں نہیں لے رہیں،یاسین ملک کی زندگی خطرے میں ہے، وقت کم ہے، عمل فوری درکار ہے۔