بابرعلاؤالدین کا بہاراں والا بند، بستی صدیق آباد اوربستی بہاراں کا دورہ

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 16:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیروالا کے ہمراہ بہاراں والا بند، بستی صدیق آباد اور بستی بہاراں کا دورہ کیا۔دورے کے دوران چیئرپرسن نے سیلاب سے متاثرہ گاؤں، تباہ شدہ فصلوں اور بند میں شگاف کے مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں مرمت اور بحالی کے کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں تاکہ کسانوں اور مقامی آبادی کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔بریگیڈیئر بابر علاؤالدین (ر) نے کہا کہ حکومت پنجاب متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑی ہے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب نے جانوروں کے نقصان، مکانات کے گرنے اور جانی نقصان کے شکار خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے، جبکہ وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں کے بجلی کے بل معاف کر دیے ہیں۔چیئرپرسن نے کہا کہ حکومت دن رات عوام کی بحالی کے لیے کوشاں ہے، اور تمام ادارے مل کر سیلاب زدہ علاقوں کے لوگوں کو ریلیف اور سہولت فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔انہوں نے موقع پر موجود شہریوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور یقین دلایا کہ تمام ضروری امدادی اور بحالی اقدامات جلد مکمل کیے جائیں گے۔