بھتہ مافیا کی سرگرمیوں میں اچانک اضافہ منظم سازش ہے، صادق ادریس

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 22:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) مہاجرقومی موومنٹ(پاکستان)کے مرکزی رہنماصادق ادریس نے آفاق احمد کی رہائشگاہ پر مہاجر اکابرین کے ایک وفد سے ملاقات کی جس میں انہوں نے کہاکہ شہر بھر میں بھتے کی پرچیوں کے ساتھ گولیوں کو بھیجوانے کا سلسلہ مزید تیز ہوچکا ہے جو منظم سازش ہے معلوم ہوتی،کیونکہ جو لوگ نئے انتظامی یونٹ کی مخالفت کررہے ہیں وہ ہی شہر کا امن تباہ کرکے صوبے کے قیام میں رکاوٹ کھڑی کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹ کے قیام کا مقصد وسائل و اختیارات کی شفاف انداز میں نچلی سطح تک منتقلی اور انتظامی امور کو مثبت طریقہ کار سے چلانا ہوتا ہے جسے دھرتی ماں کی تقسیم کہہ کر سندھی بھائیوں کے دلوں میں نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کو سندھی بھائیوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے،دھرتی ماں کی تقسیم تو 1971میں سقوط ڈھاکہ کی شکل میں ہوئی تھی جو بانی پیپلز پارٹی کی ملک دشمن پالیسیزکا نتیجہ تھی جس میں انہوں نے ادھر ہم ادھر تم کا نعرہ لگاکر ملک کو دولخت کردیا تھا، ہم بہت کچھ جانتے ہیں لیکن ہماری خاموشی کو کمزوری سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری کے ساتھ بھتے کی کارروائیوں میں اچانک شدت آجانا ناصرف تاجر برادری کیلئے باعث تشویش ہے بلکہ شہری سندھ کے عوام میں بھی ایک بار پھر خوف کی فضا قائم ہوگئی ہے جو سیکورٹی اداروں کیلئے کسی چیلنچ سے کم نہیں۔انہوں نے کہاکہ بھتہ مافیاکی جانب سے تاجروں کو دھمکانے کاسلسلہ جاری ہے ایسی صورتحال میں کسی بھی تاجر برادری کے فردکو کوئی نقصان یا مشکل کا سامنا کرپڑتا ہے تو اسکی ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے جو ماضی کی طرح آج بھی بھتہ مافیاز کی سرپرستی کرتی دکھائی دے رہی ہے کیونکہ جس علاقے سے بھتہ مافیازکی سرگرمیاں جاری ہے وہ پیپلزپارٹی کا آبائی حلقہ کہلاتا ہے اور پیپلز پارٹی کے وزرا وہاں فخریہ جاتے اور کریمنل کو اپنے بچے کہتے ہیں۔