وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان کااسلام آباد ٹورازم فیسٹیول میں “اصل بلوچستان” کو پیش کرتے ہوئے ثقافت کے ذریعے ملکی سرمایہ کاری اور قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور

اتوار 12 اکتوبر 2025 00:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے اسلام آباد ٹورازم فیسٹیول میں “اصل بلوچستان” کو پیش کرتے ہوئے ثقافت کے ذریعے ملکی سرمایہ کاری اور قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا، اب وقت آگیا ہے کہ دنیا کو “حقیقی اور متحرک بلوچستان” دکھایا جائےجو محبِ وطن، ثقافتی ورثے سے مالا مال اور بےپناہ صلاحیتوں کا حامل ہے۔

ہفتہ کواسلام آباد کے لوک ورثہ میں جاری بلوچستان گرینڈ ٹورازم فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ تجارت نے کہا کہ بلوچستان کی خوبصورتی، ورثے اور مہمان نوازی کو سیاحت اور ملکی سرمایہ کاری کے ذریعے فروغ دینے سے قومی یکجہتی مضبوط ہوگی اور صوبے کے بارے میں تصورات تبدیل ہوں گے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے لوگ گہرے محبِ وطن ہیں اور پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے کو چند منفی واقعات کے بجائے اس کی بھرپور روایات، ثقافت اور مہمان نوازی سے پہچانا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے سامنے بلوچستان کا مثبت چہرہ دکھانا بہت ضروری ہے اور کہاکہ اندرونی سیاحت اور سرمایہ کاری معیشت کو فروغ دے سکتی ہے اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو مضبوط بنا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب آپ اپنے لوگوں میں سرمایہ کاری کریں گے تو دنیا خود آپ کے پاس آئے گی۔

ثقافت و سیاحت اور قانون و پارلیمانی امور کے لیے بلوچستان کے پارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ میر محمد زرین خان مگسی نے کہا کہ فیسٹیول کا مقصد بلوچستان کی لوک موسیقی، دستکاری، روایتی کھانوں، سیاحتی نمائشوں اور ثقافتی پروگراموں کے ذریعے صوبے کی “اصل تصویر” پیش کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پہل نہ صرف سیاحت کو فروغ دے گی بلکہ ثقافتی سفارت کاری اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو بھی مضبوط کرے گی۔

ثقافت و سیاحت کے محکمہ بلوچستان کی جانب سے منعقدہ تین روزہ فیسٹیول میں روایتی فنون، دستکاری، موسیقی، کھانے کے اسٹالز اور سیاحتی نمائشیں شامل ہیں جو صوبے کی ثقافتی تنوع اور قدرتی خوبصورتی کو اجاگر کرتی ہیں۔منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ بلوچستان کے امن، خوشحالی اور مثبت تشخص کوقومی اور عالمی سطح پرفروغ دے گا۔