شاہ رخ مغرور تھے، اسی وجہ سے انہیں فلم میں کاسٹ نہیں کیا، بالی وڈ ڈائریکٹر

شاہ رخ کا غرور ہی اس کی کامیابی کی وجہ بنا، جو لوگ شاہ رخ کو اپنے پروجیکٹس میں نہیں لینا چاہتے تھے پھر انہوں نے بھی اسے لیا،

اتوار 12 اکتوبر 2025 11:05

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) بالی وڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کی ڈیبیو فلم بیوی ہو تو ایسی کے ڈائریکٹر جے کے بہاری نے کہا ہیکہ بالی وڈ کنگ شاہ رخ سپر ہٹ ہونے سے قبل مغرور تھے اور یہی وجہ تھی انہیں اپنی فلم میں کاسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔حال ہی میں بھارت کے معروف ڈائریکٹر جے کے بہاری نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ شاہ رخ اپنی مشہور فلم ڈر اور بازیگر کے ہٹ ہونے سے قبل انڈسٹری میں مغرور (Arrogant) ہونے کی حیثیت رکھتے تھے۔

جے کے بہاری نے شاہ رخ کے ساتھ ایک تجربے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ رخ فلم کنگ انکل کی شوٹنگ کررہے تھے اسی دوران میں نے ان سے اپنی ایک فلم کیلئے رابطہ کیا جس پر انہوں نے مجھ سے اسکرپٹ مانگ لیا۔ڈائریکٹر کے مطابق اس وقت ڈائریکٹرز ایسے مطالبے کو اپنی بے عزتی تصور کرتے تھے اس لیے میں نے غصے میں آکر فیصلہ کیا کہ مجھے اب شاہ رخ کو فلم میں نہیں لینا ۔

(جاری ہے)

دوران گفتگو ہدایت کار نے شاہ رخ کے مقف کا رشی کپور جیسے سینئر اداکاروں سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنے عروج کے سالوں میں بھی رشی کپور نے کبھی اسکرپٹ نہیں مانگا ۔جے کے بہاری نے یہ بھی کہا کہ شاہ رخ کا غرور ہی اس کی کامیابی کی وجہ بنا، جو لوگ شاہ رخ کو اپنے پروجیکٹس میں نہیں لینا چاہتے تھے پھر انہوں نے بھی اسے لیا، پروڈیوسر رتن جین نے بھی مجھ سے ایک بار کہا تھا کہ ایک نیا لڑکا(شاہ رخ)آیا وہ بڑی بڑی باتیں کرتا ہے وغیرہ وغیرہ لیکن اس کے بعد انہوں نے ہی شاہ رخ کے ساتھ فلم بازیگر کی۔