سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزرا کی وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری مراد خان کے گھر آمد،والد کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی

اتوار 12 اکتوبر 2025 11:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری مراد خان کے گھر گئے، جہاں انہوں نے ان کے والد نذیر خان سواتی مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سواتی خان مرحوم ایک مخلص، وفادار اور خدمت گزار انسان تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہوسکے گا، ان کی پارٹی اور عوام کے لیے خدمات مثالی حیثیت رکھتی ہیں۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ سواتی خان مرحوم مشکل حالات میں بھی ڈٹ کر پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ ایک بااصول اور باکردار انسان تھے جنہوں نے اپنی سیاسی و سماجی زندگی میں ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم مراد خان اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ مرحوم کی پارٹی اور عوام کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔فاتحہ خوانی میں چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی، رکن پنجاب اسمبلی رانا طاہر اقبال، سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔شرکائے مجلس نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور ان کی دینی، سماجی و سیاسی خدمات پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔