اسلام آباد، ہسپتالوں، مراکز صحت میں ڈیجیٹل نظام فعال

وزیراعظم کی جانب سے یکم جنوری کو منظور کیے گئے نیشنل بائیومیٹرک اینڈ رجسٹریشن پالیسی فریم ورک پر کام جاری

اتوار 12 اکتوبر 2025 12:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) اسپتالوں اور مراکز صحت میں پیدائش اور وفات کی اطلاع کے ڈیجیٹل نظام نے کام شروع کر دیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایات پر نادرا رجسٹریشن نظام میں بہتری اور خامیوں کو دور کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے اور صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے پیدائش اور وفات کے اندراج کی کارروائی اب زیادہ مؤثر، تیز اور شفاف بنایا گیا ہے۔

وزیراعظم کی جانب سے یکم جنوری کو منظور کیے گئے نیشنل بائیومیٹرک اینڈ رجسٹریشن پالیسی فریم ورک پر کام جاری ہے اور پائلٹ پراجیکٹ کے تحت نادرا نے 50 سے زائد اسپتالوں اور مراکز صحت میں جدید ترین نظام فراہم کردیا ہے۔ان اسپتالوں میں اسلام آباد کا پمز، سی ڈی اے اور ایف جی اسپتال، لاہور کا لیڈی ایچیسن اسپتال، کوئٹہ، خیبرپختونخوا، آزاد جموں وکشمیر، گلگت اور سندھ کے متعدد اسپتال اور مراکز صحت بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

نئے نظام کی بدولت اسپتال یا مرکز صحت میں پیدائش یا وفات کی اطلاع نادرا کو براہ راست موصول ہوتی ہے، نادرا والدین یا متوفی کے ورثا کو موبائل ایپ اور ایس ایم ایس کے ذریعے یونین کونسل میں اندراج کا پیغام بھجوائے گا۔خودکار نظام کے تحت اب تک ملک بھر میں پیدائش کی 4 ہزار اور وفات کی 407 اطلاعات موصول ہوئیں، شہری نادرا کی موبائل ایپ پر یا قریبی یونین کونسل جا کر پیدائش یا وفات کا اندراج کرا سکیں گے۔

پائلٹ پراجیکٹ کے تحت پنجاب کے تین اضلاع میں سہولت فراہم اور جلد پورے پنجاب میں میسر ہوں گی، دیگر سرکاری اور غیرسرکاری اسپتالوں اور مراکز صحت میں بھی جدید نظام کی فراہمی پر کام جاری ہے۔اسی طرح صوبائی حکومتوں کی تیاری مکمل ہونے پر یونین کونسل میں اندراج کی سہولت بھی فراہم کر دی جائے گی۔