Live Updates

پاکستان کی محتاط جوابی کارروائی افغانستان کیلئے سبق ہے، گورنر سندھ

اتوار 12 اکتوبر 2025 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان کی حالیہ محتاط جوابی کارروائی افغانستان کے لیے ایک واضح پیغام اور سبق ہے۔اتوار کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اگر افغانستان کسی زعم میں مبتلا ہے تو پاکستان اپنی سرزمین کے تحفظ کے لیے پہاڑوں جیسا عزم دکھائے گا اور یہی پہاڑ طالبان کے سر پر توڑ دے گا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ افغانستان کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ پاک فوج نے ماضی میں ایٹمی طاقت رکھنے والے بھارت کو محض چھ گھنٹوں میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو ناکوں چنے چبوانے والی فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے افغانستان کی بلااشتعال کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے فی الحال صرف چند اہداف کو نشانہ بنایا ہے، لیکن اگر اشتعال انگیزی جاری رہی تو ردعمل مزید سخت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ، سوویت یونین اور امریکا کو شکست دینے کی باتیں کرنے والے حقیقت سے لاعلم ہیں۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات