کراچی؛ بچوں کے سامنے باپ کو قتل کرنے میں ملوث ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

واردات کے وقت موٹر سائیکل چلانے والے ملزم محمد بلال کو تین روز اقبال مارکیٹ پولیس نے گرفتاری کیا تھا

اتوار 12 اکتوبر 2025 18:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) اورنگی ٹائون میں پولیس مقابلے میں مارے جانے والا ملزم بچوں کے سامنے باپ کو قتل کرنے میں ملوث نکلا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار کے علاقے اورنگی ٹائون سیکٹر ساڑھے گیارہ دھابیجی موڑ کے قریب پولیس اور مسلح ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والا ملزم نور حسین عرف نونو ولد ناصر حسین بچوں کے سامنے باپ کو قتل کرنے میں ملوث نکلا۔

ڈی آئی جی ویسٹ عرفان علی بلوچ کے مطابق ملزم کے ساتھی اور واردات کے وقت موٹر سائیکل چلانے والے ملزم محمد بلال کو تین روز اقبال مارکیٹ پولیس نے گرفتاری کیا تھا۔ہلاک و گرفتار ملزمان نے 28 ستمبر کو محمد مصطفی کالونی میں واردات کی کوشش کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے سجاد نامی شہری کو بچوں کے سامنے قتل کیا تھا۔

(جاری ہے)

واردات اور قتل کا مقدمہ الزام نمبر 314/2025 بجرم دفعہ 302/393/397/34 مقتول کے سسر کی مدعیت میں درج ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل واردات کے سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی ملزمان کو واضح طور پر فائرنگ کرتے اور فرار ہوتے دیکھا گیا۔پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور گرفتار ملزم سے موصول معلومات کی بنیاد پر مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی تو ملزم نے فائرنگ شروع کر دی۔پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران فائرنگ، قتل کرنے والا مرکزی ملزم نور حسین عرف نونو ولد ناصر حسین شدید زخمی اور بعد ازاں ہلاک ہوگیا۔

گرفتار ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ مع ایمونیشن، موبائل فون اورنقدی رقم برآمد کی گئی۔پولیس مقابلے میں ملزم نور حسین عرف نونو کے مارے جانے پر وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ڈی آئی جی ویسٹ اور انکی ٹیم کو شاباش کا پیغام دیا ہے۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ سماج دشمن ڈکیت کے خلاف جرات مندانہ اقدام لائق ستائش و تعریف ہے، گھنانے عزائم کے تحت شہریوں کو نشانہ بنانے والے خطرناک ڈکیت کو جہنم واصل کرکے آپ اور آپکی ٹیم کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔