قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ : اسلام آباد کے بیٹر سرمد بھٹی کی شاندار سنچری

اتوار 12 اکتوبر 2025 18:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے پہلے دن اسلام آباد کے بیٹر سرمد بھٹی نے شاندار سنچری اسکور کی۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہونے والے چار روزہ میچ میں اسلام آباد نے بہاولپور کے خلاف پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنا لئے۔

سرمد بھٹی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 144 رنز بنائے جس میں 19 چوکے شامل تھے۔ حمزہ وحید نے 60 رنز بنائے جبکہ حماد خان 80 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ مرغزار گراؤنڈ میں ملتان کی ٹیم کراچی بلوز کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 260 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عرفات منہاس نے 77 اور وقار حسین نے 50 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

جواب میں کراچی بلوز نے کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 49 رنز بنا لیے۔

ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں ایبٹ آباد نے لاہور وائٹس کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنا لئے۔ شاہ زیب نے 74، یاسر خان نے 56 اور فخر زمان نے 53 رنز کی اننگز کھیلیں۔ محمد رمیز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں پشاور کی ٹیم فاٹا کے خلاف پہلی اننگز میں 271 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ اسرار اللہ نے 91 اور افتخار احمد نے 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جواب میں فاٹا نے کھیل ختم ہونے پر بغیر کسی نقصان کے 60 رنز بنا لیے۔ ایک اور میچ میں فیصل آباد نے سیالکوٹ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں پر 203 رنز بنا لئے۔ عتیق الرحمن 81 اور فہم الحق 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔