شرجیل انعام میمن کی افغانستان کی جانب سے سرحدی جارحیت کی شدید مذمت ،دشمن کو موثرجواب دینے پر پاک افواج کو خراج تحسین

اتوار 12 اکتوبر 2025 20:40

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے افغانستان کی سرحدی جارحیت کی شدید مذمت اور پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج نے دشمن کو جرات، مہارت اور عزم کے ساتھ جواب دیا ہے جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

(جاری ہے)

اپنے جاری کردہ بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سرحدوں پر حملہ دراصل ہمارے قومی وقار اور خودمختاری پر حملہ ہے ،آپریشن بنیان مرصوص اس بات کی گواہی ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا ہنر جانتا ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سپاہی ہماری شان، فخر اور سلامتی کی ضمانت ہیں اور قوم ان کے ساتھ یک جان و یک دل کے طور پر کھڑی ہے۔ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، اگر کسی نے ہماری سالمیت یا شہریوں کے تحفظ کو چیلنج کیا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خیرسگالی اور برادرانہ تعلقات کا خواہاں رہا ہے مگر قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں۔