وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے انتخاب کیلئےامیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے

اتوار 12 اکتوبر 2025 20:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کے انتخاب کےلیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کے امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔ خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کےلیے کاغذات پی ٹی آئی کی طرف سے سہیل آفریدی، پی ایم ایل-این کی طرف سردار شاہ جہاں یوسف، جے یو آئی-ف کی طرف سے مولانا لطف الرحمن اور پی پی پی کی طرف سے ارباب زَرک کو وزیراعلی کے انتخاب کےلیے نامزد کیا گیا ہے۔

تمام امیدواروں نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے سیکرٹری کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے کوئی کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔

(جاری ہے)

اے این پی کے ترجمان انجینئر احسان اللہ کے مطابق ان کی جماعت وزیراعلیٰ کے انتخاب کے اسمبلی سیشن میں حصہ نہیں لے گی۔ انجینئر احسان اللہ نے کہا کہ اے این پی کسی بھی ہارس ٹریڈنگ کا حصہ نہیں بنے گی اور نہ ہی پارٹی پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار سہیل آفریدی کی حمایت کرتی ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب پر سوالات اٹھائے ہیں کیونکہ گورنر نے ابھی تک علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور نہیں کیا ہے۔ اس سلسلے میں جے یو آئی-ف کے پارلیمانی لیڈر اور وزیراعلیٰ کے امیدوار مولانا لطف الرحمن نے کہا کہ چونکہ گورنر نے استعفیٰ قبول نہیں کیا ہے اس لیے انتخابی عمل غیر آئینی ہے۔ تاہم امیدوار کو میدان میں لانا ان کا جمہوری حق ہے اور یہ کہ اپوزیشن ایک متفقہ امیدوار لائے گی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر انجنیئرامیر مقام نے کہا کہ گورنر کو استعفیٰ مل چکا ہے اور وہ قانون کے مطابق اس پر کارروائی کریں گے۔ انہوں نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی کو اپوزیشن جماعتوں سے کس بات کا خوف ہے؟ امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی اس معاملے کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہی ہے ، اگر ایک وزیراعلیٰ کے استعفیٰ کا عمل مکمل نہیں ہوا تو دوسرا کیسے منتخب ہو سکتا ہے۔؟